میٹا ہر سال اربوں ڈالرز فراڈ پر مبنی اشتہارات سے کماتی ہے: رپورٹ میں انکشاف

16:546/11/2025, Perşembe
جنرل6/11/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کو فراڈ اور ممنوعہ اشیا کے اشتہارات دکھا کر اربوں ڈالر کما رہی ہے۔ رائٹرز کے مطابق یہ معاملہ کمپنی کے بھی علم میں ہے۔

رائٹرز نے میٹا کی اندرونی دستاویزات دیکھ کر یہ انکشاف کیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق میٹا نے پچھلے سال کے آخر میں تخمینہ لگایا تھا کہ اس کی کل سالانہ آمدنی کا تقریباً 10 فی صد (تقریباً 16 ارب ڈالر) ایسے اشتہارات سے حاصل ہوگا جو فراڈ اور ممنوعہ اشیا کی تشہیر کرتے ہیں۔

رائٹرز کے زیرِ مطالعہ ایسی کئی غیر شائع شدہ دستاویزات سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ کم از کم تین سالوں تک میٹا اپنے پلیٹ فارمز پر جعلی ای کامرس اسکیمز، غیرقانونی آن لائن کیسینو، سرمایہ کاری کے دھوکے اور ممنوعہ طبی مصنوعات کی فروخت والے اشتہارات کی شناخت اور روک تھام میں ناکام رہی۔

دسمبر 2024 کی ایک دستاویز کے مطابق میٹا روزانہ اپنے صارفین کو 'ہائی رسک' والے تقریباً 15 ارب اشتہارات دکھاتی ہے۔ یعنی ایسے اشتہارات جن میں واضح طور پر فراڈ کی نشانیاں ہوتی ہیں۔

ایک اور دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ میٹا کو سالانہ تقریباً 7 ارب ڈالر صرف اسی طرح کے اشتہارات سے حاصل ہوتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق کمپنی صرف اُس وقت کسی اشتہار دینے والے کو بین کرتی ہے جب اس کے خودکار نظام یہ اندازہ لگائیں کہ کم از کم 95 فیصد امکان ہے کہ وہ واقعی فراڈ کر رہا ہے۔

اگر شبہ 95 فیصد سے کم ہو تو میٹا اس ایڈورٹائزر سے جرمانے کے طور پر زیادہ ریٹ چارج کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد مشکوک اشتہارات چلانے سے روکنا ہے۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو صارفین ایسے فراڈ اشتہارات پر کلک کرتے ہیں، انہیں بعد میں اسی نوعیت کے مزید اشتہارات دکھائے جاتے ہیں۔ کیوں کہ میٹا کا ایڈ پرسنلائزیشن سسٹم ان کی دلچسپیوں کی بنیاد پر اشتہارات تجویز کرتا ہے۔

ان دستاویزات پر جواب میں میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے کہا کہ ان دستاویزات میں 'حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے' اور یہ میٹا کے فراڈ اور اسکیمز سے نمٹنے کے طریقہ کار کی غلط تصویر دکھاتی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 18 مہینوں میں ہم نے دنیا بھر میں اسکیم اشتہارات کی شکایات میں 58 فی صد کمی کی ہے اور 2025 میں اب تک 13 کروڑ 40 لاکھ سے زائد فراڈ اشتہارات حذف کیے ہیں۔ کچھ دستاویزات کے مطابق میٹا نے مزید بہتری کے وعدے بھی کیے ہیں۔

##میٹا
##فیس بک
##اشتہارات