خامنہ ای کی موت پر پاکستان میں پرتشدد مظاہروں میں 23 افراد ہلاک، اسکردو میں کرفیو نافذ

08:582/03/2026, پیر
جنرل2/03/2026, پیر
ویب ڈیسک
کراچی میں مظاہرین نے ہلاک افراد کی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
کراچی میں مظاہرین نے ہلاک افراد کی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کی تصدیق کے بعد پاکستان میں گزشتہ روز ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

زیادہ تر اموات کراچی اور گلگت بلتستان میں ہوئی ہیں۔ کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں داخل ہونے والے مظاہرین پر فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ اسکردو میں مظاہرین نے اقوامِ متحدہ کے دفتر کو نذر آتش کر دیا۔ گلگت بلتستان میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ دو اموات دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ہوئی ہیں۔

کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں

اسلام آباد میں پولیس نے ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے تھے۔ تاہم مظاہرین نے ڈپلومیٹک انکلیو کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ رائٹرز کے مطابق دو عہدے داروں نے اسے بتایا ہے کہ اس دوران پولیس نے گولیاں بھی چلائیں جن سے دو افراد ہلاک اور تقریباً 10 زخمی ہوئے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے حالات کے مدنظر ایکس پر ایک بیان جاری کیا جس میں پاکستان میں موجود امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

کراچی میں مشتعل مظاہرین امریکی قونصل خانے کی بیرونی رکاوٹیں عبور کر کے احاطے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم عمارت میں داخل نہیں ہو سکے تھے۔ مظاہرین نے قونصلیٹ کے احاطے میں توڑ پھوڑ بھی کی اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے بازی بھی ہوئی۔ اس دوران امریکی قونصلیٹ میں موجود سیکیورٹی گارڈز نے فائر کھولا جس سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے جب کہ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی قونصلیٹ کے حکام محفوظ ہیں۔

واقعے میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کراچی کے سول اسپتال کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے تمام افراد کو گولیاں لگی ہیں۔ سندھ کی صوبائی حکومت نے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ لاہور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے ہیں۔ لاہور میں بھی مظاہرین امریکی قونصلیٹ کے باہر جمع ہوئے جہاں ان کی پولیس سے آنکھ مچولی بھی ہوئی۔
لاہور میں مظاہرین کا امریکی قونصلیٹ کے باہر جلاؤ گھیراؤ

دوسری جانب عراق میں بھی مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی طرف جانے کی کوشش کی جس کے دوران ان کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ہوئیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور عراق ایران کے وہ ہمسایہ ممالک ہیں جہاں شیعہ مکتب فکر کے افراد بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ آیت اللہ علی خامنہ ای ایران کے سیاسی رہنما کے ساتھ اعلیٰ مذہبی شخصیت بھی تھے۔

اقوامِ متحدہ کا دفتر نذر آتش

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں شیعہ مسلمانوں کی بڑی تعداد بستی ہے۔ مذہبی رہنما کی موت کی اطلاع کے بعد اس خطے میں بھی ہنگامے پھوٹ پڑے اور اسکردو میں مشتعل مظاہرین نے اقوامِ متحدہ کا دفتر نذر آتش کر دیا۔

مقامی حکومت کے ترجمان شبیر میر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ اقوامِ متحدہ کے دفتر کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور عمارت کو آگ لگا دی۔ رائٹرز کے مطابق ایک سرکاری اور ایک انٹیلی جینس عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ گلگت بلتستان میں 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

##پاکستان
##ایران
##خامنہ ای
##امریکہ