
ترکیہ میں اسکالر شپس کا انتظام دیکھنے والے سرکاری ادارے 'وائے ٹی بی' نے 2026 کی اسکالر شپس کی درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔ ترکیہ اسکالرشپس 2026 کے ذریعے بین الاقوامی طلبہ ترکیہ میں وظائف کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔
ترکیہ اسکالر شپس 2026 کی درخواستیں 10 جنوری سے وصول کی جا رہی ہیں اور 20 فروری تک یہ عمل جاری رہے گا۔

جامع ترین اسکالرشپ پروگرام
ترکیہ اسکالر شپس پروگرام طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے ساتھ ساتھ علمی اور تجرباتی مواقع فراہم کرتا ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے طلبہ کو ترکیہ کی نامور جامعات میں مکمل وظائف کے ساتھ تعلیم کا موقع ملتا ہے۔
پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولتوں میں جامعات میں داخلہ، ماہانہ وظیفے کی فراہمی، ٹیوشن فیس، میڈیکل انشورنس، ہاسٹل اور رہائش کی سہولت، مفت پیشہ ورانہ تعلیم کے ساتھ ساتھ فضائی سفر کے ٹکٹ کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔

کن ڈگری پروگرامز میں اسکالر شپس لی جا سکتی ہے؟
ترکیہ اسکالرشپس 2026 کی درخواستیں درج ذیل تعلیمی درجات کے امیدواروں کے لیے کھلی ہیں۔
- ایسوسی ایٹ ڈگری
- بیچلرز
- ماسٹرز
- پی ایچ ڈی
ریسرچ اسکالرشپس، سکسیس اسکالرشپس اور KATİP جیسے دیگر پروگراموں کی درخواستیں علیحدہ وصول کی جائیں گی جس کی تاریخ اور معلومات سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مہیا کردی جائیں گی۔
بین الاقوامی طلبہ ترکیہ کے عالمی وژن کا حصہ
اسکالر شپس کا انتظام دیکھنے والے ادارے 'وائے ٹی پی' کے صدر عبدالھادی توروس نے کہا ہے کہ ترکیہ بین الاقوامی تعلیم کے میدان میں ایک اہم مقام حاصل کر چکا ہے۔

ترکیہ اسکالرشپس کے بارے میں مزید معلومات اور درخواست جمع کرانے کے لیے اس ویب سائٹ کا وزٹ کیجیے۔






