لائیو: امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد ایران کا جوابی وار، سعودی عرب، دبئی، ابوظہبی، بحرین اور قطر میں دھماکوں کی اطلاعات

12:1828/02/2026, ہفتہ
جنرل28/02/2026, ہفتہ
ویب ڈیسک
تہران کے ایک علاقے میں حملے کے بعد دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔
تہران کے ایک علاقے میں حملے کے بعد دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔

امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کی دوپہر ایران پر حملہ کر دیا ہے۔ ایران کے دارالحکومت تہران سمیت کئی شہروں میں دھماکے ہوئے ہیں جس کے بعد ایران نے بھی اسرائیل کی جانب میزائل برسائے ہیں۔

اب تک کیا کچھ ہو چکا ہے؟

  • امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا ہے اور تہران سمیت مختلف شہروں کو نشانہ بنایا ہے۔
  • اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے ’پری ایمپٹو‘ یعنی قبل از وقت حملے کیے ہیں۔
  • ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے خلاف ’بڑی جنگی کارروائی‘ شروع کر دی ہے۔
  • ایرانی میڈیا نے کئی شہروں میں دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔
  • ایرانی حکام نے حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی میزائل کی صنعت کو تباہ کر دیں گے۔
  • اسرائیل اور ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
  • ایران نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کیا ہے اور میزائل داغے ہیں۔
  • سعودی عرب، دبئی، ابوظہبی، بحرین اور قطر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
  • ایرانی میڈیا نے خلیجی ملکوں میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کی تصدیق کی ہے۔

===========================================================

ایرانی حملوں پر متحدہ عرب امارات اور بحرین کا ردعمل

متحدہ عرب امارات اور بحرین کا ایرانی حملوں پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ بحرین نے کچھ تنصیبات کے نشانہ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے ان حملوں کو ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بحرین نے کہا ہے کہ ’غدارانہ حملوں‘ سے بحرین اور اس کے عوام کا تحفظ اور سلامتی خطرے میں پڑ گئی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ ایران نے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے اور اس کے دفاعی نظام نے کئی میزائلوں کو روک لیا ہے۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق میزائل کا ایک ٹکڑا رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ وزارت نے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یو اے ای ایرانی حملوں کا جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے۔

===========================================================

سعودی عرب، دبئی، ابوظہبی، بحرین اور قطر میں دھماکوں کی آوازیں

ایران نے اسرائیل اور امریکہ کے حملے کے جواب میں خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغے ہیں۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض، متحدہ عرب امارات کے شہروں دبئی اور ابوظہبی سمیت بحرین اور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بحرین میں امریکی اڈے کے قریب زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جب کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی اور دبئی میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

===========================================================

ایران نے بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات اور کویت میں امریکی اڈوں پر بھی میزائل داغ دیے

بحرین میں دھماکے کے بعد دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

ایران نے اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کے بعد جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہے۔ ایران نے اسرائیل کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بھی میزائل داغ دیے ہیں۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ایران نے قطر، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ قطر میں العدید بیس، کویت میں السالم ایئربیس، متحدہ عرب امارات میں الظفرہ ایئربیس اور بحرین میں بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایران کے حملوں کے پیش نظر خلیجی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر نے اپنی فضائی حدود بند کی ہیں۔

===========================================================

ایران کے جوابی حملے

ایران کے جوابی حملوں کے بعد اسرائیل کے ایک اسپتال میں مریضوں کو پارکنگ لاٹ میں منتقل کیا گیا ہے۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرون داغ دیے ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے بھی ایرانی حملے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کچھ دیر قبل ایران نے اسرائیل کے خلاف جوابی میزائل حملے کیے ہیں۔‘

ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل میں سائرن بھی بجائے گئے اور لوگوں نے محفوظ پناہ گاہوں اور شیلٹرز کا رخ کر لیا۔

آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اس وقت اسرائیلی فضائیہ خطرات کو روکنے پر کام کر رہی ہے۔

===========================================================

ایران اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کر دیں

ایران اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور کمرشل پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

===========================================================

ایران کی میزائلوں کی صنعت کو زمین بوس کر دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈٰیا پوسٹ میں تصدیق کی ہے کہ ایران پر حملے میں امریکہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایران میں اہم جنگی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کئی دن سے ایران پر جوہری معاہدے کے لیے دباوٴ ڈال رہے تھے اور مسلسل دھمکی دے رہے تھے کہ وہ ایران پر حملہ کردیں گے۔

ٹرمپ نے کہا ہے ہم نے بار بار معاہدہ کرنے کی کوشش کی۔ اب امریکی أفواج نے ایران میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے میزائل تباہ کریں گے اور ان کی میزائل صنعت کو زمین بوس کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے اور ایسے طویل فاصلے پر مار کرنے والے میزائل تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ہمارے دوستوں اور یورپی اتحادیوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ ایک ’بڑی کارروائی‘ کر رہا ہے تاکہ ’اس بہت ظالم اور انتہا پسند آمریت کو امریکہ کے لیے خطرہ بننے سے روکا جا سکے۔‘

===========================================================

تہران میں حملوں کے بعد کی کچھ تصاویر

===========================================================

ایران میں وہ مقامات جہاں حملے ہوئے ہیں

ایران کے دارالحکومت تہران کے علاوہ اصفہان، قم، کرمانشاہ اور کرج کے علاقوں میں بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔

===========================================================

امریکہ اور اسرائیل کا ایران پر حملہ، تہران میں دھماکے

اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر حملہ کر دیا ہے اور اب سے کچھ دیر قبل تہران میں کئی دھماکے ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے ان حملوں کو ’پری ایمپٹو‘ یعنی ’قبل از وقت‘ قرار دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے مرکز میں تین دھماکوں کی اطلاع ہے۔ ایران کی ’فارس نیوز‘ کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ دانش گاہ اسٹریٹ اور ری پبلک کے علاقوں میں کئی میزائل گرے ہیں۔

اسرائیل میں بھی سائرن بجائے گئے ہیں جب کہ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے پورے اسرائیل میں ’خصوصی اور مستقل ہنگامی حالت‘ نافذ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

##امریکہ
##ایران
##اسرائیل