ایلون مسک کی تنخواہ تقریباً ایک ہزار ارب ڈالر ہو گئی، لیکن اسے حاصل کرنے کے لیے انہیں کرنا کیا ہوگا؟

14:557/11/2025, جمعہ
جنرل7/11/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے ایلون مسک کے لیے ایک کھرب ڈالر کے تاریخی، بھاری بھرکم اور انتہائی پرکشش پے پیکج کی منظوری دی ہے۔ ٹیسلا نے یہ فیصلہ اپنے شیئر ہولڈرز کی منظوری کے بعد کیا ہے۔

ٹیسلا کے 75 فی صد شیئر ہولڈرز نے جمعرات کو امریکی ریاست ٹیکساس میں ہونے والے کمپنی کے سالانہ اجلاس کے دوران اس ڈیل کی منظوری دی۔ جس کے بعد ایلون مسک تقریب کے دوران اسٹیج پر ڈانسنگ روبوٹس کے ساتھ رقص کرتے بھی نظر آئے۔

لیکن ایلون مسک کو اس پرکشش پیکج کو حاصل کرنے کے لیے کمپنی کو منافع بخش بنانے کے ساتھ ساتھ آئندہ 10 برس کے دوران ٹیسلا کی مارکیٹ ویلیو کو کئی گنا بڑھانا ہو گا اور اس کے علاوہ بھی کئی بڑے اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔

بعض حلقے ایلون مسک کو دیے جانے والے پیکج پر تنقید بھی کر رہے ہیں اور کچھ سرمایہ کار اسے انتہائی مہنگا اور غیر ضروری پیکج قرار دے رہے ہیں۔ لیکن ٹیسلا کے بورڈ اراکین کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو مسک کمپنی چھوڑ دیتے جس کے وہ متحمل نہیں ہو سکتے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس پیکج میں جو اہداف طے کیے گئے ہیں وہ سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ پہنچائیں گے۔

یہ فیصلہ ٹیسلا کے مستقبل اور اس کے تخمینے کے لیے بہت اہم تھا۔ ٹیسلا کا مستقبل ایلون مسک کے خودکار گاڑیاں بنانے، امریکہ بھر میں روبوٹک ٹیکسی نیٹ ورک کھڑا کرنے اور انسان نما روبوٹس کی فروخت کے وژن سے جڑا ہوا ہے۔

ایلون مسک کو کرنا کیا ہوگا؟

ایلون مسک کو یہ پے پیکج یا تنخواہ نقد رقم یا بینک ٹرانسفر کی صورت میں نہیں ملے گی بلکہ ٹیسلا کے شیئرز کی صورت میں ملنی ہے اور اس کے لیے انہیں اگلے 10 برسوں میں کئی اہداف حاصل کرنے ہوں گے۔

مسک کے اہداف میں شامل ہے کہ کمپنی آئندہ ایک دہائی میں دو کروڑ گاڑیاں ڈیلیور کرے گی۔ ٹیسلا کی ایک کروڑ روبوٹک ٹیکسیاں سڑکوں پر موجود ہوں گی۔ ایک کروڑ روبوٹس فروخت کیے جائیں گے اور کمپنی کا خالص منافع 400 ارب تک پہنچانا ہوگا۔

لیکن ان اہداف کے باوجود انہیں یہ پیکج تب ہی ملے گا جب کمپنی کے اسٹاک کی قدر بڑھ کر پہلے دو ہزار ارب اور پھر بتدریج ساڑھے آٹھ ہزار ارب ڈالرز تک نہیں پہنچ جاتی۔ ابھی ٹیسلا کی اسٹاک ویلیو ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب ہے۔

ہر ایک ہدف حاصل کرنے پر ٹرمپ کو ایک فی صد اسٹاکس مل جائیں گے۔ یعنی اگر ایلون مسک کچھ اہداف پورے نہ بھی کر سکیں تب بھی انہیں اربوں ڈالرز ملیں گے۔ اور اگر وہ یہ سب اہداف پورے کر لیتے ہیں تو انہیں 12 فی صد اسٹاکس مل جائیں گے جو 878 ارب ڈالرز کے برابر ہوں گے۔

اس دوران اگر ٹیسلا کے اسٹاکس کی قیمت میں کمی یا بڑھوتری ہوتی ہے تو مسک کے پیکج کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ آئے گا۔ یعنی یہ پیکج فکس نہیں ہے بلکہ اسٹاکس کی قیمت پر منحصر ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک اب بھی ٹیسلا کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر ہیں اور ان کے پاس کمپنی کے تقریباً 13 فیصد شیئرز ہیں۔

##ایلون مسک
##ٹیسلا
##تنخواہ