لیبیا میں دو اجتماعی قبروں سے قریب 50 افراد کی لاشیں برآمد

06:4110/02/2025, Pazartesi
جنرل10/02/2025, Pazartesi
ویب ڈیسک
 ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔
تصویر : نیوز ایجنسی / روئٹرز
ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔

لیبیا کے حکام کو ملک کے جنوب مشرقی صحرا میں دو اجتماعی قبریں ملی ہیں، جن سے تقریباً 50 لاشیں نکالی گئی ہیں، یہ لاشیں تارکین وطن اور مہاجرین کی ہیں جو دوسرے ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔

سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ جمعہ کے دن لیبیا کے شہر کُفرہ کے ایک فارم میں ایک اجتماعی قبر ملی، جس میں 19 لاشیں تھیں۔ ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔

کُفرہ میں سیکیورٹی چیمبر کے سربراہ محمد الفاضل نے بتایا کہ حکام نے ایک مہاجر حراستی مرکز پر چھاپے مارا جہاں سے ایک اور اجتماعی قبر ملی، جس میں کم از کم 30 لاشیں تھیں۔

لیبیا میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کی مدد کرنے والی ایک فلاحی تنظیم المابرین نے بتایا کہ اجتماعی قبروں میں ملنے والے کچھ افراد کو دفن کرنے سے پہلے گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے بھی لیبیا میں اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ہیں، جن میں پناہ گزینوں کی لاشیں ملی تھیں۔ لیبیا افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کے لیے مرکزی راستہ ہے۔

پچھلے سال حکام نے دارالحکومت طرابلس کے علاقے شعیرف سے کم از کم 65 مہاجرین کی لاشیں برآمد کی تھیں۔

انسانی اسمگلروں نے لیبیا میں ایک دہائی سے زیادہ جاری عدم استحکام کا فائدہ اٹھایا ہے، وہ مہاجرین اور پناہ گزینوں کو غیر قانونی طریقے سے مختلف سرحدوں کے ذریعے اسمگل کرتے ہیں۔ یہ اسمگلنگ لیبیا کی ان چھ ہمسایہ ممالک، چاڈ، نائجر، سوڈان، مصر، الجزائر اور تیونس، کی سرحدوں سے ہوتی ہے، جہاں سے لوگ یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیبیا میں پناہ گزینوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں، جس میں انہیں جبری مشقت، تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ سب زیادہ تر اس لیے کیا جاتا ہے تاکہ ان کے خاندانوں سے پیسے وصول کیے جا سکیں، اور جب تک رقم ادا نہ ہو، انہیں یورپ جانے کے لیے کشتیوں پر سوار ہونے نہیں دیا جاتا۔

جو مہاجرین راستے میں پکڑے جاتے ہیں اور دوبارہ لیبیا واپس بھیج دیے جاتے ہیں، انہیں حکومت کے زیر انتظام حراستی مراکز میں رکھا جاتا ہے، جہاں بھی انہیں تشدد، ریپ اور پیسوں کے لیے بلیک میلنگ جیسے مظالم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔








#افریقہ
#لیبیا
#پناہ گزین