بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جہاں آرا عالم کا بورڈ کے سابق اور موجودہ عہدیداروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات

اقرا حسین
07:477/11/2025, جمعہ
جنرل7/11/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
جہان آرا عالم نے اپنے ملک کے لیے 135 وائٹ بال میچز میں مجموعی طور پر 48 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کیں۔
تصویر : ایکس / فائل
جہان آرا عالم نے اپنے ملک کے لیے 135 وائٹ بال میچز میں مجموعی طور پر 48 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جہاں آرا عالم نے کرکٹ بورڈ سابق اور موجودہ عہدیداروں پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

32 سالہ فاسٹ بولر نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ 2022 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ کے دوران اس وقت کے سلیکٹر اور منیجر منجور الاسلام سمیت کئی عہدیداروں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

منجور الاسلام، جو اس وقت چائنہ میں موجود ہیں، نے ان الزامات کو ’بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔

سال 2022 کے ورلڈ کپ کے دوران پیش آئے ایک واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے جہاں آرا نے الزام لگایا کہ منجور الاسلام نے ’نامناسب انداز میں چھوا‘ کیا اور وہ اکثر ’حوصلہ افزائی کے بہانے خواتین کھلاڑیوں کو گلے لگاتے یا انہیں اپنے سینے سے لگاتے‘۔

منجور الاسلام نے جواب میں کہا کہ ’آپ ٹیم کی دوسری لڑکیوں سے بھی پوچھ سکتے ہیں، یہ سب جھوٹ ہے۔‘

منجور الاسلام 46 سالہ سابق فاسٹ بولر ہیں، انہوں نے 1999 سے 2004 کے دوران بنگلہ دیش کے لیے 12 ٹیسٹ اور 34 ون ڈے میچ کھیلے۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف کوچنگ اور مینجمنٹ کے عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

جہان آرا عالم نے اپنے ملک کے لیے 135 وائٹ بال میچز میں مجموعی طور پر 48 ون ڈے اور 60 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے دیگر بی سی بی (بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ) حکام کے نام بھی لیے اور کہا کہ وہ پہلے بھی بورڈ کو اس بارے میں لکھ چکی ہیں، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

بی سی بی نے کہا ہے کہ ایک کمیٹی 15 ورکنگ دنوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

بی سی بی کے نائب صدر شخاوت حسین نے کہا کہ ’یہ ایک سنگین معاملہ ہے، ہمیں اس کی تحقیقات کرنی ہوں گی۔‘


#بنگلہ دیش
#کرکٹ
#جنسی ہراسانی
#خواتین