روس یوکرین جنگ ختم کرانے میں اردوان کردار ادا کر سکتے ہیں: امریکی صدر ٹرمپ

13:5914/10/2025, منگل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مصر سے وائٹ ہاؤس واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا کوئی رہنما، خاص طور پر اردوان، روس اور یوکرین کی جنگ میں مدد کر سکتا ہے؟ تو ٹرمپ نے جواب دیا 'اردوان کر سکتے ہیں۔ وہ روس میں قابلِ احترام ہیں۔'

پیر کے روز اس سے قبل ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں ایک سربراہی اجلاس کی میزبانی کی جس میں 20 سے زائد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ان میں صدر اردوان بھی شامل تھے۔ اس اجلاس میں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

ترکیہ فروری 2022 میں شروع ہونے والی روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انقرہ نے کیف اور ماسکو دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے لڑائی ختم کریں اور کہا ہے کہ ترکیہ امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کسی بھی اقدام، بشمول ثالثی، کے لیے تیار ہے۔

بعد ازاں ٹرمپ نے کہا کہ وہ جمعے کے روز یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین کا ایک وفد ملاقاتوں کے لیے امریکہ روانہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جمعے کے روز ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

یوکرینی صدر نے ایکس پر لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم کئی اقدامات پر بات کریں گے۔ میں صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنے مکالمے اور ان کی حمایت کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے زور دیا کہ اس دورے میں زیادہ تر توجہ فضائی دفاع اور طویل فاصلے کی صلاحیتوں پر ہوگی جن کا مقصد 'روس پر امن کے لیے دباؤ ڈالنا' ہے۔


##روس
##یوکرین جنگ
##اردوان