
پاکستان میں 1996 کے بعد پہلی بار کوئی آئی سی سی ٹورنامنٹ ہو رہا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امام الحق کو فخر زمان کی جگہ پاکستان ٹیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ فخر زمان بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی تھی کہ فخر پاکستان سکواڈ کے ساتھ دبئی نہیں جائیں گے۔

فخر زمان گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ آئی سی سی کے مطابق فخر زمان پاکستان اور انڈیا کے اہم میچ سے قبل ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
پاکستان کا اگلا میچ اتوار کو دبئی میں انڈیا کے خلاف ہوگا، جو ایک اہم مقابلہ ہوگا۔ انڈیا نے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کی منظوری سے ہائبرڈ ماڈل اپنایا، جس کے تحت انڈیا کے تمام چیمپئنز ٹرافی میچز دبئی میں ہوں گے۔
پاکستان افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے دیے گئے 321 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہا تھا اور گرین 47.2 اوورز میں 260 رنز پر آل آوٴٹ ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 1996 کے بعد پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہورہا ہے۔