انڈیا میں بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے رام مندر پر پرچم کشائی، پاکستان کا اظہارِ تشویش

اقرا حسین
10:0926/11/2025, Çarşamba
جنرل26/11/2025, Çarşamba
ویب ڈیسک
پاکستان نے یہ بھی کہا کہ انڈیا کی کئی دوسری تاریخی مساجد بھی انہدام یا تبدیل ہونے کے خطرے میں ہیں۔
تصویر : ایکس / انڈین میڈیا
پاکستان نے یہ بھی کہا کہ انڈیا کی کئی دوسری تاریخی مساجد بھی انہدام یا تبدیل ہونے کے خطرے میں ہیں۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر میں 'دھرم دھَوَج‘ (مذہبی پرچم) لہرایا۔

مندر کا افتتاح تو پچھلے سال 22 جنوری کو ہو گیا تھا، مگر اس بار پرچم لہرانے کا مقصد یہ باضابطہ اعلان کرنا تھا کہ مندر کی تعمیر اب مکمل ہو گئی ہے۔

پاکستان نے اس اقدام پر افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ انڈیا میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے حقوق کے لیے ایک پریشان کن بات ہے۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق انڈیا میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے اور مسلمان کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بابری مسجد کو گرانے والوں کو عدالت نے بری کر دیا اور اسی جگہ مندر تعمیر کرنے کی اجازت دے دی، جو اقلیتوں کے ساتھ انڈیا کی ریاست کی طرف سے امتیازی سلوک کی مثال ہے۔

یاد رہے کہ بابری مسجد مغل بادشاہ بابر کے دور میں ایودھیا میں بنائی گئی تھی۔ 6 دسمبر 1992 کو ہندو انتہاپسندوں نے اسے گرا دیا تھا۔ اس کے بعد برسوں مقدمہ چلا اور آخرکار انڈین سپریم کورٹ نے وہ جگہ رام مندر کی تعمیر کے لیے دے دی اور مسجد کے لیے متبادل جگہ دینے کا حکم دیا۔

عالمی برادری سے اپیل

پاکستان نے کہا ہے کہ ایودھیا میں پرچم لہرانے کی تقریب انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے بُرے سلوک کا حصہ ہے۔ بیان کے مطابق یہ مسلمانوں کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو ختم کرنے کی ایک جان بوجھ کر کی گئی کوشش ہے، جو ہندو انتہا پسند نظریات کے اثر میں ہو رہی ہے۔پاکستان نے یہ بھی کہا کہ انڈیا کی کئی دوسری تاریخی مساجد بھی انہدام یا تبدیل ہونے کے خطرے میں ہیں۔

پاکستان نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انڈیا میں بڑھتی ہوئی اسلام مخالف کارروائیوں اور نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلمانوں کے مذہبی ورثے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔



#بابری مسجد
#انڈیا
#نریندر مودی
#پاکستان
#رام مندر