ایران میں 10 افغان شہریوں کو تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا، لاشیں وطن پہنچ گئی ہیں: افغان طالبان

09:334/12/2025, جمعرات
جنرل4/12/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل تصویر
تصویر : روئٹرز / فائل
فائل تصویر

افغان طالبان کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کو ایرانی فورسز نے تشدد کے بعد ہلاک کرکے لاشیں وطن واپس بھیج دی ہیں۔

طالبان حکام کے مطابق یہ واقعہ 13 نومبر کو پیش آیا، 10 افغان شہریوں کو ایرانی فورسز نے تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا، لاشیں وطن پہنچ گئی ہیں۔ طالبان حکومت سے بھی کہا کہ وہ یہ معاملہ سفارتی طور پر ایران کے ساتھ اٹھائے۔

ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایران نے ان کی لاشیں 24 دن تک چھپا کر رکھنے کے بعد واپس کیں۔

لواحقین نے اس غیر انسانی رویے کی مذمت کی ہے اور عالمی اداروں اور طالبان سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ لوگ روزگار کی تلاش میں ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ ایرانی فورسز نے بغیر وارننگ کے ان پر فائرنگ کر دی۔

دوسری جانب ایران کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایران سے ملحقہ صوبہ فراح پر قائم سرحدی بندرگاہ ابو نصر کے طالبان کمانڈر خطیب فراحی نے بتایا کہ ’کل 12 افراد تھے کہ جن میں سے تین یا چار فراح کے تھے اور باقی ہرات کے رہنے والے تھے۔ ان افغان شہریوں کو ابو نصر بندرگاہ کے راستے ایران میں غیر قانونی طور پر لے جایا گیا تھا۔ انہیں ایران میں گرفتار کیا گیا اور بے رحمی اور ظالمانہ طریقے سے مار دیا گیا۔ تاہم ان 12 افراد میں سے ایک زخمی ہوئے مگر اُن کی جان بچ گئی مگر دیگر 11 افغان شہری ہلاک ہو گئے۔‘

خطیب فراحی کا کہنا ہے کہ ’یہ لوگ دراصل کچھ عرصہ پہلے ہلاک ہوئے تھے، لیکن ان کے بقول، ایران نے انھیں اپنی تحویل میں رکھا ہوا تھا اور ان کے ایک زندہ بچ جانے والے زخمی ساتھی کی مدد سے پہلے اس کے خاندان اور بعد ازاں طالبان حکومت کو ان کے بارے میں اطلاع ملی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب دس ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کی میتیں وطن واپس لائی گئی ہیں۔ ایک زخمی اور ہلاک ہونے والے ایک شخص کی واپسی تا حال مُمکن نہیں ہو پائی ہے۔‘


#افغانستان
#ایران
#افغان طالبان