انڈیا سائیکلون سے متاثر ملک سری لنکا کے لیے جانے والی انسانی امداد روک رہا ہے: پاکستان کا الزام

12:102/12/2025, منگل
جنرل2/12/2025, منگل
ویب ڈیسک
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، ریسکیو ٹیم مٹی کھود کر لینڈ سلائیڈ میں دبے افراد کی تلاش کر رہی ہے۔
تصویر : ایجنسی / روئٹرز
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، ریسکیو ٹیم مٹی کھود کر لینڈ سلائیڈ میں دبے افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے منگل کو کہا کہ انڈیا سری لنکا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈز سے متاثرہ عوام تک انسانی امداد پہنچانے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، جہاں سائیکلون ڈٹوا کے باعث 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دفترِ خارجہ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ ’انڈیا پاکستان کی طرف سے سری لنکا بھیجی جانے والی انسانی امداد کو بلاک کر رہا ہے۔ خصوصی طیارے کو فلائٹ کلیئرنس کے انتظار میں 60 گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا سامنا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ انڈیا کی طرف سے گزشتہ رات جو جزوی فلائٹ کلیئرنس دی گئی، وہ عملی طور پر ممکن نہیں تھی۔ یہ صرف چند گھنٹوں کے لیے تھی اور واپسی کی پرواز کے لیے کلیئرنس نہیں دی گئی، جس سے سری لنکا کے عوام تک فوری امداد پہنچانے کا کام شدید متاثر ہوا۔

اس سے قبل سفارتی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کو انسانی امدادی پروازوں کے لیے انڈیا کا فضائی راستہ استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

سری لنکا کے صدر انورا کمار ڈیسناکے نے حالیہ سیلاب کو ملک کی تاریخ کے ’سب سے چیلنجنگ قدرتی آفت‘ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

واضح رہے کہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں حملے اور اس کے بعد چار روزہ تصادم کے بعد، انڈیا اور پاکستان نے ایک دوسرے کے طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔ اسلام آباد نے اکتوبر میں اس پابندی کو 24 نومبر تک بڑھا دیا تھا۔

سری لنکا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈز سے ہلاکتوں کی تعداد اب 410 ہو گئی ہے، جبکہ 336 افراد لاپتہ ہیں۔ایک ہفتے کی شدید بارش کے بعد پندرہ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، اور یہ ملک میں 2004 کے انڈین اوشن سونامی کے بعد سب سے بڑی قدرتی آفت ہے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے، ریسکیو ٹیم مٹی کھود کر لینڈ سلائیڈ میں دبے افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

شہر کے رہائشی عام سیلاب کے عادی ہیں، لیکن اس بار پانی کی رفتار نے انہیں حیران کر دیا۔

ڈلیوری ڈرائیور دینوشا سنجایا نے کہا کہ ’ہر سال ہمیں معمولی سیلاب کا سامنا ہوتا ہے، لیکن یہ کچھ اور ہے۔‘

ملک میں بارشیں کم ہو گئی ہیں، لیکن سب سے زیادہ متاثرہ مرکزی علاقے میں لینڈ سلائیڈ الرٹس جاری ہیں۔


#سری لنکا
#پاکستان
#انڈیا
#موسمیاتی تبدیلی