امیزون کا انڈیا میں اگلے پانچ سالوں کے دوران 35 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان

اقرا حسین
11:0510/12/2025, mercredi
جنرل10/12/2025, mercredi
ویب ڈیسک
اس سال کئی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے انڈیا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تصویر : آرکائیو / فائل
اس سال کئی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے انڈیا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ کی ای-کامرس کمپنی ایمیزون نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2030 تک انڈیا میں 35 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ اپنے آپریشنز کو بڑھا سکے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکے۔

یہ کمپنی دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا میں اپنی موجودگی کو مزید بڑھانے والی حالیہ گلوبل ٹیک فرم بن گئی ہے۔

ایمیزون نے 2010 سے انڈیا میں اپنے کاروبار میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور 2023 میں 26 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر کے ملک میں اپنی موجودگی مزید مضبوط کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ایمیزون نے گزشتہ دس سالوں میں انڈیا میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ ایکسپورٹس پیدا کرنے میں مدد کی ہے اور اس رقم کو 2030 تک 80 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کا مقصد 2030 تک انڈیا میں 10 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنا بھی ہے۔

اس سال کئی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے انڈیا میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک دن پہلے ہی مائیکروسافٹ نے 2030 تک انڈیا میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی مد میں ساڑھے 17 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ یہ مائیکروسافٹ کی ایشیا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔


#انڈیا
#امیزون
#اے آئی
#ٹیکنالوجی