
فرانس کے شہر گرینوبل میں واقع ایک مسجد میں پیر کو آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر شر انگیزی ہو سکتی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق گرینوبل کے علاقے سینٹ برونو میں پیر کو دوپہر دو بجے کے قریب ایک مسجد میں آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق آگ مسجد کے اس حصے سے شروع ہوئی جہاں جوتے رکھے جاتے ہیں اور پولیس کو شبہ ہے کہ یہ آگ لگائے جانے کا واقعہ ہو سکتا ہے۔
مقامی افراد نے فائر فائٹرز کے آنے سے قبل ہی آگ بجھا دی۔ دھویں سے ایک شخص متاثر ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
مسلمانوں کے خلاف واقعات میں اضافہ
فرانس میں مسلم مخالف جذبات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی اور حملوں کے واقعات بڑھے ہیں۔
گزشتہ ماہ ایک ادارے 'آئیفوپ' کی جانب سے 'فرانس میں مسلمانوں کے اسلام اور اسلامزم کے ساتھ تعلق کی صورتِ حال کا جائزہ' کے عنوان سے ایک سروے شائع کیا گیا۔ اس سروے کو 'غیرجانب داری' کے اصول کی خلاف ورزی کرنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سروے پر یہ الزامات بھی لگے کہ اس سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلی ہے۔
دسمبر کے اوائل میں ایک گروہ کی جانب سے ایک مسجد میں قرآن کے نسخے پھاڑ کر زمین پر پھینکنے کا واقعہ پیش آیا جب کہ ایک مسلم ادارے کے میل باکس میں گولی بھی پائی گئی۔
13 دسمبر کو فرانس کے شہر اسٹراسبرگ کی جامع مسجد میں بم کی دھمکی ملی جس کے بعد مسجد کو سیکیورٹی کے حصار میں لیا گیا۔ تحقیقات کے بعد دھمکی جعلی ثابت ہوئی تاہم مسجد کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔






