لائیو: امریکی سینیٹ میں ایران جنگ روکنے کی قرارداد مسترد، پاسدارانِ انقلاب کا امریکی ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

09:165/03/2026, جمعرات
جنرل5/03/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران امریکہ اور اسرائیل کی جنگ چھٹے روز میں داخل ہو گئی ہے اور ایران نے اسرائیل پر جمعرات کی صبح مزید میزائل فائر کیے ہیں۔ اب تک کی اہم معلومات جانیے اس لائیو بلاگ میں۔

اب تک کی اہم معلومات

  • ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغے ہیں۔
  • امریکی سینیٹ میں ایران جنگ روکنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد مسترد ہو گئی ہے۔
  • حزب اللہ کی قیادت نے اسرائیل سے لڑائی جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کا امریکی ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجی پانیوں میں ایک امریکی ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے خلیج کے شمالی حصے میں موجود ٹینکر میں آگ لگی ہوئی ہے۔

===========================================================

امریکہ کو ایرانی جہاز تباہ کرنے پر پچھتانا پڑے گا: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی آبدوز کی جانب سے ایرانی جنگی جہاز کو تباہ کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ دینا نامی یہ جہاز انڈین نیوی کا مہمان تھا جسے بغیر کوئی وارننگ دیے بین الاقوامی پانیوں میں نشانہ بنایا گیا۔

عباس عراقچی نے جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ 'امریکہ نے جو مثال قائم کی ہے، اسے اس پر پچھتانا پڑے گا۔'

===========================================================

قطر اور بحرین میں دھماکوں کی آوازیں

قطری نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق قطر اور بحرین میں ایک بار پھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

===========================================================

قطر میں امریکی سفارت خانے کے قریب سے آبادی کا انخلا

قطر کی وزارتِ داخلہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ دوحہ میں امریکی سفارت خانے کے قریب رہائش رکھنے والے لوگوں کا علاقے سے حفاظتی بنیادوں پر عارضی طور پر انخلا کرایا جا رہا ہے۔

قطری حکام کی جانب سے مبینہ خطرے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ تاہم امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد تہران نے جوابی کارروائی میں قطر میں بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے اور متعدد میزائل داغے ہیں۔

===========================================================

امریکی سینیٹ میں ایران جنگ روکنے اور ٹرمپ کے اختیارات محدود کرنے کی قرارداد مسترد

امریکی سینیٹ نے ایران میں جنگ روکنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کے تقریباً تمام سینیٹرز نے اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا جس میں ایران جنگ سے متعلق صدر کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

سینیٹ میں ریپبلکنز کی اکثریت ہے اور بدھ کو ووٹنگ کے دوران 53 سینیٹرز نے قرارداد کی مخالفت کی جب کہ 47 سینیٹرز نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔ ایک ریپبلکن اور ایک ڈیموکریٹ سینیٹر نے پارٹی لائن سے ہٹ کر ووٹ ڈالا۔

'وار پاور ریزولوشن' نامی اس قرارداد میں ایران پر فضائی حملے روکنے اور مزید فوجی کارروائی کو کانگریس کی اجازت سے مشروط کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

===========================================================

ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل داغ دیے

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے جمعرات کی صبح اسرائیل پر متعدد میزائل داغے ہیں۔ میزائلوں کی نئی لہر کی وجہ سے لاکھوں اسرائیلوں کو بم شیلٹرز میں منتقل ہونا پڑا۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اسرائیل کی ایمرجنسی سروس نے بتایا ہے کہ میزائلوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم اس سے قبل یروشلم میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

===========================================================

حزب اللہ کی قیادت کا اسرائیل سے لڑائی جاری رکھنے کا عزم
بیروت کے مضافات میں اسرائیلی حملے سے ہونے والی تباہی کا منظر

لبنان کی تنظیم حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے لبنانی حکومت کے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'جب تک اسرائیلی قابض قوت موجود ہے، مزاحمت اور ہتھیار رکھنا ہمارا جائز حق ہے۔'

واضح رہے کہ ایران جنگ شروع ہونے کے بعد حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر حملے کیے گئے۔ اسرائیل اب ایران کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی فضائی حملے کر رہا ہے۔

لبنان کے رہنماؤں نے حزب اللہ کے اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور لبنانی فوج سے حزب اللہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

===========================================================

جنگ کے ابتدائی دو روز میں ایک لاکھ ایرانیوں نے تہران سے نقل مکانی کی: اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے کہا ہے کہ ایران میں جنگ کے ابتدائی دو روز میں ایک لاکھ شہریوں نے تہران سے نقل مکانی کی۔ یہ تخمینہ ایرانی حکام سے حاصل معلومات کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔

یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ ایک سے دو ہزار گاڑیاں روز کی بنیاد پر تہران سے نکل رہی ہیں اور شمالی علاقوں کی طرف جا رہی ہیں۔ ادارے کے مطابق فی الحال کسی دوسرے ملک میں نقل مکانی کے کوئی شواہد نہیں ہیں تاہم یہ خدشہ برقرار ہے۔



##امریکہ
##ایران
##جنگ