ایران سے جنگ میں امریکہ کا دو ارب ڈالر کا فوجی سامان تباہ ہو چکا: رپورٹ

12:444/03/2026, بدھ
جنرل4/03/2026, بدھ
ویب ڈیسک
AA
بحرین میں امریکی اڈے سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔
بحرین میں امریکی اڈے سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

ترکیہ کے خبر رساں ادارے 'انادلو ایجنسی' نے ڈیٹا کا جائزہ لے کر تخمینہ لگایا ہے کہ ایران سے حالیہ جنگ میں امریکہ کا تقریباً دو ارب ڈالر مالیت کا عسکری ساز و سامان تباہ ہو چکا ہے۔

اس میں سب سے اہم نقصان امریکہ کے ایک ریڈار سسٹم (AN/FPS-132) کی تباہی ہے جو قطر کے العدید فوجی اڈے پر نصب تھا۔

اس ریڈار کی مالیت 1.1 ارب ڈالر تھی اور یہ ایران کے ہفتے کو داغے گئے ایک میزائل سے تباہ ہوا۔ قطر نے تصدیق کی ہے کہ ریڈار میزائل کا نشانہ بنا ہے اور اسے نقصان پہنچا ہے۔
ریڈار سسٹم AN/FPS-132

دوسرا نقصان امریکہ کو تین جہازوں کی تباہی کی صورت میں اٹھانا پڑا ہے جو اتوار کو کویت نے غلطی سے گرا دیے۔

کویت کی فضائیہ نے غلطی سے امریکہ کے تین ایف 15 طیاروں کو مار گرایا تھا جن کی مالیت 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔

ایران نے بحرین میں امریکہ کے بحری اڈے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ وہاں مواصلاتی نظام اور کئی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔ انادلو ایجنسی کے مطابق جن سیٹیلائٹ کمیونیکیشن ٹرمنلز کو تباہ کیا گیا ان کی مالیت دو کروڑ ڈالر کے قریب تھی۔

اس کے علاوہ ایران نے متحدہ عرب امارات میں تھاڈ اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کے ریڈار کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سیٹیلائٹ تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ یہاں حملہ ہوا ہے۔ اس ریڈار کی مالیت کا تخمینہ 50 کروڑ ڈالر کے قریب ہے۔
ریڈارAN/TPY-2تھاڈ اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کا

ان تمام نقصانات کو یکجا کیا جائے تو یہ 1.9 ارب ڈالر کی خطیر رقم بنتی ہے۔ حملوں میں اس سے علاوہ بھی نقصانات ہوئے ہیں۔

ایران نے اب تک مشرق وسطیٰ میں سات امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے ہیں۔ کویت میں واقع السلام ایئر بیس کی تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف مقامات پر چھتیں گری ہیں۔ کویت کے ہی کیمپ عارفجان میں چھ امریکی فوجی مارے گئے۔

عراق میں واقع اربیل ہوائی اڈے کے قریب امریکی تنصیبات پر بھی ایران نے حملے کیے اور سیٹیلائٹ تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ وہاں چار اسٹرکچرز کو یا تو نقصان پہنچا ہے یا وہ تباہ ہو گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی عرب، کویت اور متحدہ عرب امارات میں امریکہ کا سفارتی مشنز کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ یہاں بھی معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔

اس خبر کے مندرجات انادلو ایجنسی سے ماخوذ ہیں۔
##امریکہ
##ایران
##جنگ