
ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کا جمعرات کو سپریم لیڈر منتخب ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ایران جنگ جاری رکھے گا اور آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
اس کے چند گھنٹے بعد ہی اسرائیلی وزیرِ اعظم نے بھی ایران جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کو قتل کرنے کی دھمکی دی جب کہ ایران پر اسرائیلی حملے کا دفاع کیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای جنگ شروع ہونے کے بعد سے منظرِ عام پر نہیں آئے ہیں نہ ہی ان کی کوئی تصویر یا ویڈیو سامنے آئی ہے۔ جمعرات کو بھی ان سے منسوب بیان ایران کے سرکاری ٹی وی پر پڑھا گیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے ایران کے ہمسایہ ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود امریکی اڈوں کو بند کریں ورنہ ایران انہیں نشانہ بناتا رہے گا۔
سرکاری ٹی وی کی جانب سے یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ خامنہ ای کا بیان پڑھا کیوں جا رہا ہے، وہ خود منظرِ عام پر کیوں نہیں آئے ہیں۔ تاہم بعض ایرانی حکام کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ مجتبیٰ خامنہ ای 28 فروری کے اس ابتدائی حملے میں زخمی ہوئے تھے جس میں ان کے والد، والدہ اور اہلیہ مارے گئے تھے۔ تاہم ان کے زخموں کی نوعیت کے بارے میں کوئی اطلاعات موجود نہیں ہیں۔
خامنہ ای کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 'میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے شہدا کے خون کا بدلہ لینے سے نہیں چوکیں گے۔'
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا 'یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ مؤثر دفاع جاری رکھا جائے اور دشمن کو پچھتانے پر مجبور کیا جائے۔ اس کے لیے آبنائے ہرمز کی بندش جاری رکھی جائے گی۔'
واضح رہے کہ ایران آبنائے ہرمز کی بندش کے ذریعے امریکہ اور اسرائیل پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ حملے روکنے پر مجبور ہو جائیں۔ کیوں کہ اس کی بندش سے دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتیں آسمانوں پر پہنچ گئی ہیں۔ ایران کی فوج کے ترجمان نے خبردار کیا تھا کہ دنیا کو 200 ڈالر فی بیرل کی قیمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'امریکہ دنیا میں سب سے بڑا تیل کا پیداواری ملک ہے۔ تو جب تیل کی قمتیں بڑھتی ہیں تو ہم بہت پیسہ بناتے ہیں۔'
اسرائیلی وزیرِ اعظم کی پہلی پریس کانفرنس
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم نے اپنی پریس کانفرنس میں مجتبیٰ خامنہ ای کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ 'میں کسی دہشت گرد تنظیم کے رہنما کے لیے لائف انشورنس پالیسی جاری نہیں کروں گا۔ میں یہاں وہ نہیں بتانا چاہتا جو ہم سوچ رہے ہیں یا جو ہم کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایرانی رجیم کا تختہ الٹنے کے لیے سازگار حالات پیدا کر رہے ہیں لیکن میں وثوق سے یہ نہیں کہہ سکتا کہ ایرانی عوام رجیم کا تختہ الٹیں گے یا نہیں۔ رجیم خود اندر سے گرے گی۔'






