امریکی فوج کا ری فیولنگ کرنے والا طیارہ عراق میں گر کر تباہ، عراقی مسلح تنظیم کا طیارہ گرانے کا دعویٰ

08:5413/03/2026, جمعہ
جنرل13/03/2026, جمعہ
ویب ڈیسک
کے سی 135 امریکی فوج کے لیے خاصی اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ اس کی بدولت فضا میں ہی ری فیولنگ کر کے لڑاکا طیارے طویل وقت تک پرواز کر سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
کے سی 135 امریکی فوج کے لیے خاصی اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ اس کی بدولت فضا میں ہی ری فیولنگ کر کے لڑاکا طیارے طویل وقت تک پرواز کر سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو)

امریکی فوج کا ری فیولنگ کرنے والا ایک جہاز عراق میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ایک عراقی تنظیم نے اس کی تباہی کی ذمے داری قبول کی ہے جب کہ امریکی حکام نے اسے حادثہ قرار دیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ جہاز ایک اور جہاز کی وجہ سے گرا اور اس کی تباہی کے پیچھے دشمن یا دوست، کسی کی کارروائی نہیں تھی۔

سینٹرل کمانڈ کے مطابق جہاز آپریشن 'ایپک فیوری' (ایران کے خلاف کارروائیوں کا نام) کے دوران حلیف فضائی حدود میں گرا جب کہ دوسرا طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا۔ جائے واقعہ پر ریسکیو کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ایک امریکی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ گرنے والا اور وجہ بننے والا، دونوں جہاز 'کے سی 135' تھے۔ تباہ ہونے والے طیارے میں تقریباً چھ امریکی فوجی سوار تھے۔

تاہم عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ایک مسلح تنظیم 'اسلامک ریزسٹنس' نے ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز اس نے تباہ کیا ہے۔ تنظیم نے کہا ہے کہ اس نے 'اپنے ملک کی خود مختاری اور فضائی حدود کے تحفظ میں' ایک طیارے کو مار گرایا ہے۔

کے سی 135 فضا میں ری فیولنگ کے لیے استعمال ہونے والا طیارہ ہے جو بوئنگ نے 1950-1960 کی دہائی میں بنایا تھا۔ یہ امریکی فوج کے ری فیولنگ جہازوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

##امریکہ
##طیارہ تباہ
##عراق