ایران نے ٹرمپ کی مذاکرات کی باتوں کو 'جھوٹی خبر' قرار دے دیا، اسرائیل پر میزائلوں کی نئی لہر سے حملہ

09:4424/03/2026, منگل
جنرل24/03/2026, منگل
ویب ڈیسک
اسرائیل کے ساحلی شہر نیطنیہ کی فضا میں ایرانی میزائلوں کے گزرنے اور روکے جانے کا منظر
اسرائیل کے ساحلی شہر نیطنیہ کی فضا میں ایرانی میزائلوں کے گزرنے اور روکے جانے کا منظر

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے پاور گرڈ پر حملے کو پانچ روز کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ تاہم ایران نے ٹرمپ کی تہران سے مذاکرات کی باتوں کو 'جھوٹی خبر' قرار دیا ہے۔

ایران کے نئے میزائلوں کی لہر سے تل ابیب اور ملک کے دیگر علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔ شمالی اسرائیل میں کچھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے مابین 'مشرق وسطیٰ کے مسائل کے مکمل اور حتمی حل' کے لیے 'بہت اچھی اور تعمیری' بات چیت ہوئی ہے۔

ٹرمپ نے ہفتے کے روز ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹوں کا وقت دیا تھا۔ بصورتِ دیگر ایران کے بجلی گرڈ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ ایران نے بھی جواب میں امریکی اتحادیوں کے انفراسٹرکچر پر ایسی ہی کارروائیوں کی دھمکیاں دی تھیں۔ تاہم پیر کو ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ٹرمپ نے حملوں کو پانچ روز کے لیے مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نتیجتاً ایران کے پاور گرڈ پر حملوں کو پانچ روز کے لیے مؤخر کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہو کر 100 ڈالر سے نیچے گئیں۔
ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائل فائر کیے۔

'کوئی مذاکرات نہیں ہوئے'

تاہم معاملہ منگل کو ایک بار پھر بگڑتا دکھائی دے رہا ہے اور تیل کی قیمتیں بھی دوبارہ بڑھ گئی ہیں جب ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹرمپ کی ایران سے مذاکرات کی باتوں کو 'فیک نیوز' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔

اسرائیلی عہدے دار اور دو دیگر ذرائع کے مطابق محمد باقر قالیباف ایران کی طرف سے مذاکرات میں شامل ہوتے ہیں۔ لہذا ان کا یہ بیان اہمیت کا حامل ہے۔

قالیباف نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ 'امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔ معاشی اور تیل کی منڈیوں میں ہیرا پھیری کے لیے جھوٹی خبروں کو استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ اس دلدل سے نکل سکیں جس میں امریکہ اور اسرائیل پھنس چکے ہیں۔'

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ وہ امریکی اہداف پر نئے حملے کر رہے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے ٹرمپ کے بیانات سے متعلق کہا ہے کہ اس سے تہران کی لڑائی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ایران کے اس اعلان کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت پھر 104.21 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جو پیر کو 10 فیصد تک نیچے آئی تھی۔

پاکستان میں مذاکرات کا امکان

ایک یورپی عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔ تاہم مصر، پاکستان اور خلیجی ملکوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایک پاکستانی عہدے دار اور دیگر ذرائع نے اسے بتایا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے براہِ راست مذاکرات رواں ہفتے اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔

پاکستانی عہدے دار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی رواں ہفتے اسلام آباد میں ایرانی حکام سے ملاقات کا امکان ہے۔

وائٹ ہاؤس نے ڈونلڈ ٹرمپ اور جنرل عاصم منیر کی ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی ہے جب کہ ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کا پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے رابطہ ہوا ہے جس میں علاقائی سلامتی اور جنگ کی صورتِ حال پر گفتگو کی گئی۔

##امریکہ
##ایران
##اسرائیل
##مذاکرات