رحیم یار خان میں دکان کی چھت گرنے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم نکلوانے والی آٹھ خواتین ہلاک، 50 سے زیادہ زخمی

10:2717/03/2026, منگل
جنرل17/03/2026, منگل
ویب ڈیسک
جائے حادثہ پر پولیس و امدادی اہلکار موجود ہیں۔
جائے حادثہ پر پولیس و امدادی اہلکار موجود ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ایک دکان کی چھت گرنے سے کم از کم آٹھ خواتین ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہو گئی ہیں۔ یہ خواتین حکومت کی طرف سے ملنے والی امدادی رقم نکلوانے دکان آئی تھیں۔

ایک ریسکیو اہلکار عاشق محمود کے مطابق رش کی وجہ سے دکان دار نے 100 سے زیادہ خواتین کو چھت پر جانے کا کہا جب کہ متعدد خواتین دکان میں موجود تھیں۔ جب خواتین چھت پر گئیں تو گنجائش سے زیادہ وزن پڑنے کی وجہ سے وہ گر گئی اور دکان میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔

خواتین عید الفطر سے قبل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امدادی رقم نکلوانے آئی تھیں۔ اس پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو 13000 روپے کی امدادی رقم سہ ماہی بنیادوں پر ملتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں جب رمضان میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران رش اور بعض اوقات بھگدڑ مچنے سے بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

سن 2023 میں کراچی میں ایک فیکٹری کے باہر راشن کی تقسیم کے دوران رش اور بھگدڑ مچنے سے 11 خواتین و بچے ہلاک ہوئے تھے۔

##پاکستان
##بینظیر انکم سپورٹ پروگرام
##رمضان