خامنہ ای کی نمازِ جنازہ آج ہو گی، اسرائیلی وزیر کی رہبرِ اعلیٰ کے جانشین کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی

11:404/03/2026, Çarşamba
جنرل4/03/2026, Çarşamba
ویب ڈیسک
اٹلی کے شہر روم میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرین خامنہ ای کی تصاویر اور ایرانی پرچم اٹھائے امریکہ اور اسرائیل مخالف احتجاج کر رہے ہیں۔
اٹلی کے شہر روم میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرین خامنہ ای کی تصاویر اور ایرانی پرچم اٹھائے امریکہ اور اسرائیل مخالف احتجاج کر رہے ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں مارے جانے والے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ آج بروز بدھ تہران میں ادا کی جائے گی۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق نمازِ جنازہ بدھ کی رات امام خمینی مصلیٰ میں ادا کی جائے گی۔ یہ تہران میں ایک بڑی جامع مسجد ہے۔ ایران کی اسرامی ڈویلپمنٹ کوآرڈینیشن کاؤنسل نے کہا ہے کہ رات 10 بجے نمازِ جنازہ ہوگی اور اس کے بعد تین دن تک جاری رہنے والی تقریبات کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔

کونسل کے سربراہ کے مطابق خامنہ ای کی تدفین کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہفتے کو اسرائیل اور امریکہ کے حملے میں اپنے دفتر میں مارے گئے تھے۔ ایران نے ان کی موت پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

خامنہ ای کے جانشین کا فیصلہ اور اسرائیل کی دھمکی

دوسری جانب امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' نے ایرانی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ خامنہ ای کے جانشین اور نئے رہبرِ اعلیٰ کا فیصلہ بھی آج ہی کیا جا سکتا ہے اور خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای سب سے مضبوط امیدوار ہو سکتے ہیں۔

ادھر اسرائیلی وزیرِ دفاع نے دھمکی دی ہے کہ اگر خامنہ ای کا کوئی بھی جانشین 'اسرائیل کو تباہ کرنے، امریکہ کو دھمکانے اور ایرانی عوام کو دبانے' کے عزائم جاری رکھتا ہے تو وہ یقینی طور پر اگلا ہدف ہوگا۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاتز نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ اس کا نام کیا ہوگا اور وہ کس جگہ چھپے گا۔ ان کے بقول اسرائیلی وزیر اعظم اور میں نے اپنی فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس آپریشن کے لیے ہر طرح سے تیار رہیں۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پوری طاقت کے ساتھ اور امریکی شراکت داروں سے مل کر ایرانی رجیم کی صلاحتیوں کا خاتمہ جاری رکھیں گے اور ایرانی عوام کے لیے ایسے حالات پیدا کریں گے کہ وہ حکومت کا تختہ الٹ دیں۔

##ایران
##خامنہ ای
##اسرائیل