
برطانیہ کے لیے پروازوں سے پہلے پاکستانی ایئرلائنز کو اجازت لینا ہوگی
پاکستانی ایئرلائنز کے لیے برطانیہ کا فضائی راستہ دوبارہ کھل گیاپاکستانی ایئرلائنز پر برطانیہ میں داخلے پر لگی پابندی ختم کردی گئی ہے۔
بدھ کے روز برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ایک اعلان کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے۔
یہ فیصلہ تب کیا گیا جب پاکستان نے کئی سال کی محنت اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کے بعد فضائی حفاظت کے عالمی معیار پورے کیے۔
اس فیصلے سے پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں بحال کرنے کا موقع مل گیا ہے، تاہم اس کے لیے انہیں لازمی طور پر برطانوی حکام سے اجازت نامے (پرمیٹس) حاصل کرنا ہوں گے۔
اگرچہ اس فہرست سے نکلنے کا مطلب فوری پروازوں کی بحالی نہیں، لیکن یہ فیصلہ پاکستانی ایئرلائنز کے لیے برطانیہ میں دوبارہ آپریشن شروع کرنے کا راستہ ضرور ہموار کرتا ہے۔
برطانیہ میں تعینات ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں بسنے والے 16 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد افراد اور دونوں ممالک کے درمیان 4.7 ارب پاؤنڈ مالیت کی باہمی تجارت کے لیے ’اہم پیش رفت‘ قرار دیا۔
برطانیہ نے 2021 میں پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ میں اُس وقت شامل کیا تھا جب 2020 میں کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد وزیر ایوی ایشن نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا کہ پاکستان کے کمرشل پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔
اس کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی اور برطانوی حکام کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کروائیں۔ اب ایئر سیفٹی کمیٹی نے تسلیم کیا ہے کہ ضروری بہتریاں ہو چکی ہیں، اس لیے پاکستان کو فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
تاہم اب ہر پاکستانی ایئرلائن کو علیحدہ طور پر برطانیہ میں پروازیں چلانے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے لیے لاہور، اسلام آباد، لندن اور مانچسٹر کے درمیان روٹس دوبارہ شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جو 2020 کی ایوی ایشن تنازع کے بعد معطل ہو گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان میں موجود ہزاروں برطانوی شہریوں کے لیے سفری سہولت بڑھے گی بلکہ بچھڑے ہوئے خاندانوں کی ملاقاتیں بھی آسان ہوں گی۔ دونوں ممالک کے حکام کو امید ہے کہ یہ پیش رفت عوامی روابط، تجارت اور سیاحت کو مزید فروغ دے گی۔
پی آئی اے کی برطانیہ واپسی کی تیاری
برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کے اعلان کے بعد قومی ایئرلائن پی آئی اے نے تصدیق کی ہے کہ وہ برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق فلائٹ شیڈول پر کام جاری ہے اور جیسے ہی اجازت ملے گی، پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں پی آئی اے اسلام آباد اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔