پاکستان سے ڈرون آ رہے ہیں جس کے بارے میں ان کی فوج کو بھی بتا دیا ہے: انڈین آرمی چیف کا الزام

15:4213/01/2026, منگل
جنرل13/01/2026, منگل
ویب ڈیسک
انڈین آرمی چیف جنرل اپیندرا دویویدی
انڈین آرمی چیف جنرل اپیندرا دویویدی

انڈیا کے آرمی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے مداخلت کی جا رہی ہے اور اس بارے میں پاکستان کے ملٹری آپریشنز کے سربراہ کو بھی بتا دیا گیا ہے۔

انڈین آرمی چیف جنرل اپیندرا دویویدی کے مطابق ہفتے سے اب تک کم از کم آٹھ ڈرونز دیکھے گئے ہیں۔ منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا 'میرا خیال ہے کہ یہ دفاعی ڈرون تھے جو صرف جائزہ لے رہے تھے کہ ان کے خلاف کوئی ایکشن لیا جاتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا 'ممکن ہے وہ یہ بھی دیکھنا چاہتے ہوں کہ آیا انڈین فوج میں کوئی کمزوری، کوئی لاپروائی یا ایسا کوئی خلا موجود ہے جہاں سے وہ دہشت گردوں کو بھیج سکیں۔' انڈین آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو دونوں ملکوں کے ڈائریکٹرز ملٹری آپریشنز کے درمیان فون پر بات چیت بھی ہوئی ہے۔

جنرل دویویدی نے کہا کہ 'آج ان کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا گیا اور انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہے تو براہِ کرم اسے روکیں۔ یہ پیغام انہیں پہنچا دیا گیا ہے۔'

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق انڈیا کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو جموں کے علاقے میں پاکستان کی سمت سے پانچ ڈرونز آئے۔

سورس نے رائٹرز کو بتایا کہ ایک واقعہ جمعے کو بھی پیش آیا جب 'پاکستان سے آئے' ایک ڈرون نے مبینہ طور پر اسلحہ گرایا اور بعد ازاں تلاشی کے عمل کے دوران دو پستول، تین میگزین۔ گولیاں اور گرینیڈ وغیرہ ملے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس میں بعض فوجی افسران کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مداخلت فوجی ڈرونز کے ذریعے ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے ان الزامات پر فی الحال فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔ انڈیا کی جانب سے پہلے بھی ایسے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں تاہم پاکستان ان الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کرتا آیا ہے۔

##انڈیا
##پاکستان
##ڈرونز