وینزویلا کا 30 سے 50 لاکھ بیرل تیل امریکہ منتقل کیا جائے گا، اس کی فروخت سے حاصل رقم میں کنٹرول کروں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

09:537/01/2026, Çarşamba
جنرل7/01/2026, Çarşamba
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور وینزویلا کے درمیان خام تیل کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت دو ارب ڈالر مالیت کا تیل امریکہ منتقل کیا جائے گا۔

اس معاہدے سے ایک طرف وینزویلا سے چائنہ کو تیل کی سپلائی میں خلل آئے گا تو دوسری جانب وینزویلا کو خام تیل کی پیداوار میں کمی نہیں کرنی پڑے گی۔

وینزویلا کا لاکھوں بیرل خام تیل ٹینکرز میں لوڈڈ حالت میں موجود ہے یا اسٹوریج ٹینکس میں پڑا ہے اور وہ اسے برآمد کرنے سے قاصر ہے۔ کیوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دسمبر کے وسط سے وینزویلا کے تیل کی برآمد پر ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

منگل کو اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ وینزویلا 30 سے 50 لاکھ بیرل 'پابندی شدہ تیل' امریکہ کے حوالے کرے گا۔ ایک بیرل تقریباً 159 لیٹر کے برابر ہوتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس تیل کو منڈی کی قیمتوں کے مطابق فروخت کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم میں کنٹرول کروں گا، یہ یقینی بنانے کے لیے کہ یہ رقم وینزویلا اور امریکہ کے عوام کے مفاد میں خرچ ہو۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے وزیرِ توانائی کرس رائٹ اس معاہدے کی تکمیل کی نگرانی کریں گے۔ ان کے بقول خام تیل بحری جہازوں سے لے کر سیدھا امریکی بندرگاہوں پر پہنچایا جائے گا۔

وینزویلا کے حکام نے ٹرمپ کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

##وینزویلا
##امریکہ
##خام تیل