اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ؛ پاکستان اور ترکیہ سمیت 21 ملکوں کی مذمت، صومالیہ کی خود مختاری کی حمایت

11:279/01/2026, جمعہ
جنرل9/01/2026, جمعہ
ویب ڈیسک
اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے منگل کو صومالی لینڈ کا دورہ کیا تھا جس کی مذمت کی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے منگل کو صومالی لینڈ کا دورہ کیا تھا جس کی مذمت کی گئی ہے۔

ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب سمیت 21 مسلم ملکوں نے صومالیہ کے حق میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیلی وزیرِ خارجہ کے صومالی لینڈ کے دورے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

جمعے کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں صومالیہ کی خود مختاری کا اعادہ کیا گیا ہے۔

صومالی لینڈ صومالیہ کا ایک علاقہ ہے جو آزاد ریاست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تاہم اس دعوے کو عالمی برادری تسلیم نہیں کرتی۔ حال ہی میں اسرائیل نے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کیا ہے اور اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے اس کا دورہ بھی کیا ہے۔ اسرائیل وہ پہلا ملک ہے جس نے صومالی لینڈ کو تسلیم کیا ہے۔

جن 21 ملکوں نے اس اقدام کے خلاف مشترکہ بیان جاری کیا ہے، ان میں سعودی عرب، الجیریا، بنگلہ دیش، کوموروس، جبوتی، مصر، گیمبیا، انڈونیشیا، ایران، اردن، کویت، لیبیا، مالدیپ، نائجیریا، عمان، پاکستان، فلسطین، قطر، صومالیہ، سوڈان اور ترکیہ شامل ہیں۔

مشترکہ بیان میں اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کو مسترد کیا گیا ہے اور صومالیہ کی علاقائی سالمیت کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا گیا ہے کہ اسرائیل اپنے اس اقدام کو فوری واپس لے۔

بیان میں اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیدون سعار کے صومالی لینڈ کے منگل کو کیے گئے دورے کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے ایجنڈوں کی حوصلہ افزائی کرانا ناقابلِ قبول ہے اور اس حساس خطے میں تناؤ بڑھانے کا خطرہ بن سکتا ہے۔ اقوام کی جانب سے صومالیہ کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی پاس داری کو سراہا گیا ہے۔

##پاکستان
##ترکیہ
##صومالی لینڈ