افغان طالبان کا پاکستان پر فضائی حملوں کا الزام: خوست میں بمباری کے نتیجے میں ایک خاتون اور 9 بچے جان سے گئے: ترجمان ذبیح اللہ مجاہد

15:2725/11/2025, منگل
جنرل25/11/2025, منگل
ویب ڈیسک
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد
تصویر : اے پی / فائل
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان پر فضائی حملوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فورسز نے صوبہ خوست میں ایک مقامی رہائشی کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 9 بچے ہلاک ہوئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے صوبہ کنڑ اور پکتیکا میں بھی چھاپے مارے، جن میں چار شہری زخمی ہوئے۔

انہوں نے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا ’پچھلے رات بارہ بجے صوبہ خوست کے ضلع گربزو میں پاکستانی فورسز نے مقامی شہری ولایت خان کے گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 9 بچے (5 لڑکے اور 4 لڑکیاں) اور ایک خاتون شہید ہو گئے اور ان کا گھر تباہ ہوگیا۔‘

پاکستانی فوج اور وزارتِ خارجہ نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

یہ چھاپے ایک روز بعد سامنے آئے ہیں جب پشاور میں خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں تین اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستانی اور افغان افواج کے درمیان اکتوبر میں جھڑپیں شروع ہوئیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

دونوں ملکوں نے اکتوبر میں دوحہ میں فائر بندی معاہدے پر دستخط کیے تھے، تاہم ترکیہ میں ہونے والے امن مذاکرات شدت پسند گروہوں کے معاملے پر اختلافات کے باعث کسی طویل المدتی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے۔


#افغانستان
#پاکستان
##سرحدی جھڑپیں