جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے، چین کے نقصان پر امریکہ سے تجارتی معاہدے کرنیوالے ممالک محتاط رہیں: بیجنگ کی وارننگ

08:0121/04/2025, پیر
جنرل21/04/2025, پیر
ویب ڈیسک
جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے، چین کے نقصان پر امریکہ سے تجارتی معاہدے کرنیوالے ممالک محتاط رہیں: بیجنگ کی وارننگ
تصویر : اے پی / فائل
جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے، چین کے نقصان پر امریکہ سے تجارتی معاہدے کرنیوالے ممالک محتاط رہیں: بیجنگ کی وارننگ

چین نے خبردار کیا ہے کہ چین کو نقصان پہنچانے کی قیمت پر امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کرنے والے ممالک کو محتاط رہنا چاہیے۔

چائنہ کا یہ بیان اُس وقت آیا جب یہ خبریں ملیں کہ امریکہ دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے تاکہ وہ چائنہ کے ساتھ اپنی تجارتی سرگرمیاں کم کریں، اور بدلے میں انہیں امریکہ کی طرف سے لگائے گئے ٹیرف (ٹیکس) سے نرمی دی جائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ ایسے ممالک (تجارتی پارٹنرز) پر دباؤ ڈالنے کی تیاری کر رہی ہے جو امریکا سے ٹیرف میں کمی کے خواہاں ہیں اور اس کے بدلے وہ چائنہ کے ساتھ تجارت محدود کریں۔ ایسے میں پچھلے ہفتے جاپان کا ایک وفد واشنگٹن آیا تھا اور جنوبی کوریا اس ہفتے مذاکرات شروع کرنے والا ہے۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب سے ٹیرف کا اعلان کیا گیا ہے، 70 سے زیادہ ممالک نے مذاکرات شروع کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

جنوری میں وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد سے ٹرمپ نے چائنہ سے آنے والی امورٹس پر بھاری ٹیکس عائد کیے ہیں، جبکہ دیگر ممالک کو بھی اپنی اشیاء پر محصولات (لیویز) کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

چائنہ کی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ ’مصالحانہ رویہ امن نہیں لاتا اور سمجھوتہ عزت نہیں پاتا۔‘

چائنہ نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کو چینی مفادات کی قیمت پر معاہدہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو چائنہ اسے کبھی قبول نہیں کرے گا اور جوابی اقدامات کرے گا۔

چائنہ کے خلاف اپنی تجارتی جنگ کو بڑھانے کے باوجود ٹرمپ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ بیجنگ کے ساتھ ایک ’بہت بہتر‘ تجارتی معاہدہ طے کر لیں گے۔

پیر کو جاری کیے گئے بیان میں چین کی وزارتِ تجارت نے ٹرمپ کی حکومت پر ’سیاست‘ اور ’یک طرفہ بدمعاشی‘ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا، جسے وہ ’جوابی ٹیرف‘ کے نام پر دفاع کرنے کا بہانہ قرار دے رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ’اگر بین الاقوامی تجارت 'جنگل کے قانون' کی طرح ہو گئی، تو تمام ممالک شکار بن جائیں گے۔‘

’چین تمام فریقوں کے ساتھ یکجہتی اور تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے تاکہ یک طرفہ بدمعاشی کا مقابلہ کیا جا سکے، جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جا سکے، اور بین الاقوامی انصاف اور برابری کی حفاظت کی جا سکے۔‘








#چائنہ
#ٹیرف
#تجارت
#امریکا