پاکستان کا بٹ کوائن ریزرو کے قیام کا اعلان: ’ہمارے پاس یہ بٹ کوائنز ہوں گے اور ہم انہیں کبھی فروخت نہیں کریں گے‘

07:4530/05/2025, Cuma
جنرل30/05/2025, Cuma
ویب ڈیسک
یہ منصوبہ پاکستان کرپٹو کونسل کی قیادت میں چلایا جا رہا ہے
تصویر : ایکس / فائل
یہ منصوبہ پاکستان کرپٹو کونسل کی قیادت میں چلایا جا رہا ہے

پاکستان میں اسٹریٹیجک بٹ کوائن ریزرو قائم کیا جائے گا۔ یہ اعلان وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے بلاک چین اور کرپٹو بلال بن ثاقب نے بٹ کوائن ویگاس 2025 میں کیا۔

لاس ویگاس میں بٹ کوائن 2025 کے نام سے تقریب میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور صدر ٹرمپ کے دو صاحبزادوں نے بھی خطاب کیا۔

اس دوران بلال ثاقب کا کہنا تھا کہ ’آج ایک بہت ہی تاریخی دن ہے کیونکہ آج میں یہ اعلان کروں گا کہ پاکستانی حکومت اپنی حکومت کی زیر قیادت بٹ کوائن سٹریٹجک ریزرو قائم کر رہی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’یہ والٹ، نیشنل بٹ کوائن والیٹ، قیاس آرائیوں کے لیے نہیں ہے۔ ہمارے پاس یہ بٹ کوائنز ہوں گے اور ہم انہیں کبھی فروخت نہیں کریں گے۔‘

بلال بن ثاقب، جو پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں، نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

پاکستان حکومت نے حال ہی میں بٹ کوائن مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیٹا سینٹرز کے لیے پہلے مرحلے میں 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کی ہے، جو ملک کی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان کرپٹو کونسل کی قیادت میں چلایا جا رہا ہے اور اس کے تین بڑے مقاصد ہیں: پہلا، جو بجلی استعمال نہیں ہو رہی، اُسے کرپٹو مائننگ یا ڈیجیٹل شعبوں میں استعمال کر کے اُس سے پیسہ کمایا جائے۔ دوسرا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور تیسرا، بٹ کوائن مائننگ، ڈیٹا سائنس، اے آئی بلاک چین وغیرہ کے شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس قدم کو پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں ایک اہم موڑ قرار دیا ہے۔

بٹ کوائن ریزرو کیا ہے؟

بٹ کوائن ریزرو کا مطلب بٹ کوائن کا ذخیرہ ہے جو کوئی فرد، ادارہ یا حکومت بطور اثاثہ محفوظ رکھتی ہے۔

یہ بالکل ایسے ہی ہوتا ہے جیسے کسی ملک کے زرمبادلہ (فارن کرنسی) یا سونے کے ذخائر (گولڈ رزیرو) رکھتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ بٹ کوائن ایک ڈیجیٹل کرنسی ہے۔

قومی سطح پر بٹ کوائن ریزرو کا مقصد

جب کوئی ملک بٹ کوائن ریزرو کرتا ہے تو اس کے پیچھے کئی اسٹریٹجک اور معاشی مقاصد ہوتے ہیں:

کرنسی کی قدر میں کمی سے بچاؤ

بٹ کوائن کو محفوظ ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، تاکہ ملکی کرنسی کے غیر مستحکم ہونے پر معیشت کو سہارا دیا جا سکے کیونکہ اس کی عالمی سطح پر اہمیت اور قدر قائم رہتی ہے۔

سرمایہ کاری کو متنوع بنانا

سرمایہ کاری کو مختلف جگہوں پر لگانا بہتر ہوتا ہے۔ صرف ڈالر یا سونے پر انحصار کرنے کے بجائے ڈیجیٹل اثاثے رکھنے سے ملک کی معیشت کی بنیاد مضبوط ہو سکتی ہے۔

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا

بٹ کوائن ریزرو اور کرپٹو پالیسیوں کے ذریعے پاکستان خود کو ایک جدید ڈیجیٹل معیشت کے طور پر پیش کر سکتا ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بن سکتا ہے۔

بلاک چین ٹیکنالوجی کو فروغ دینا

اس اقدام سے پاکستان میں بلاک چین اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

حال ہی میں پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومتی سطح پر ایک ’اسٹریٹیجک بٹ کوائن ریزرو‘ قائم کرے گا۔ اس منصوبے کی قیادت پاکستان کرپٹو کونسل کر رہا ہے، جو وزارت خزانہ کے تحت کام کر رہی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اس منصوبے کو حمایت حاصل ہے، جن میں بائنینس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ بھی شامل ہیں۔

پاکستان کو اس سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟

  • کرنسی کی بے قدری کے اثرات کم ہوں گے
  • ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کو برتری حاصل ہو سکتی ہے
  • مالیاتی نظام میں شمولیت بڑھے گی، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جن کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں۔
  • نئے روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی ترقی







#بٹ کوائن
#ڈیجیٹل کرنسی
#پاکستان