چارجر اور ٹی وی کا پلگ سوئچ بورڈ میں لگا چھوڑ دیں تو کتنی بجلی ضائع ہوتی ہے؟

13:034/09/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اکثر ہم لوگ موبائل فون کے چارجر یا ٹی وی بند کرنے کے بعد اس کا پلگ سوئچ بورڈ میں لگا چھوڑ دیتے ہیں۔ آپ کو لگتا ہوگا کہ اس سے تو بجلی خرچ نہیں ہوتی۔ اگر آپ ایسا سوچتے ہیں تو یہ غلط ہے۔ کیوں کہ یہ الیکٹرانک ڈیوائسز بند ہونے کے باوجود بھی خاموشی سے بجلی استعمال کر رہی ہوتی ہیں۔

اس چھپے ہوئے بجلی کے ضیاع کو فینٹم انرجی یا ویمپائر انرجی بھی کہا جاتا ہے جو اکثر الیکٹرانک ڈیوائسز کا پلگ سوئچ میں لگا رہنے کی وجہ سے ضائع ہوتی ہے۔

ان میں مختلف ڈیوائسز ہو سکتی ہیں جیسے ٹی وی، مائکروویو اوون، گیمنگ کونسولز اور موبائل فون کے چارجرز وغیرہ جن کے پلگ لوگ اکثر سوئچ میں لگے رہنے دیتے ہیں۔

یہ ڈیوائسز ایسے کتنی بجلی ضائع کرتی ہیں؟

امریکہ کے شہر نیویارک میں قائم کولمبیا یونیورسٹی کا شمار دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیز میں ہوتا ہے۔ اس یونیورسٹی کے کولمبیا کلائمیٹ اسکول کے ڈین الیکسز ابرامسن اس بارے میں کہتے ہیں کہ گھر میں استعمال ہونے والی کل بجلی کا پانچ سے 10 فیصد اسی طرح ضائع ہوتا ہے۔ یہ ڈیوائس پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ وہ کتنی پرانی ہے اور کتنی بجلی استعمال کرتی ہے۔

مثلاً وہ ٹی وی جو انٹرنیٹ سے کنیکٹ ہوتے ہیں جس سے وہ فون اور دیگر ڈیوائسز کے ساتھ بھی کنیکٹ ہو سکتے ہیں، ایسے ٹی وی عام طور پر بند ہونے کے باوجود بھی 40 واٹ تک بجلی خرچ کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک عام ٹی وی کے مقابلے میں تقریباً 40 گنا زیادہ بجلی خرچ کرتے ہیں۔

کون سی ڈیوائسز بند رہتے ہوئے بھی بجلی ضائع کرتی ہیں؟

اکثر ایسی الیکٹرانک ڈیوائسز زیادہ بجلی ضائع کرتی ہیں جو اپنے کسی ایک فیچر کی وجہ سے مستقل طور پر بجلی سے کنیکٹ رہتی ہوں۔

مثلاً اگر آپ کے مائیکروویو میں گھڑی ہے تو وہ بظاہر آپ کے کسی کام کی نہیں ہے۔ کیوں کہ آپ کبھی بھی ٹائم دیکھنے کے لیے مائیکروویو کے پاس نہیں جائیں گے۔ لیکن اس چھوٹے سے فیچر کو آن رکھنے کے لیے مائیکروویو کا پلگ ضرور آن رہنے دیں گے۔ تو ایسی ڈیوائسز زیادہ بجلی ضائع کرتی ہیں۔

اسی طرح جو چیزیں اسٹینڈ بائے موڈ پر رہتی ہیں وہ بھی بجلی خرچ کر رہی ہوتی ہیں۔

تو اس بجلی کو ضائع ہونے سے بچانے کا یہی طریقہ ہے کہ بلاوجہ پلگ سوئچ بورڈ میں لگا نہ رہنے دیں۔ اور وہ ڈیوائسز جو اسٹینڈ بائے موڈ پر ہوں، اگر ان کا استعمال ضروری نہ ہو تو انہیں بھی بند کر دیں۔ ورنہ ان کے کچھ فیچرز بند کر کے بھی بجلی کی تھوڑی بہت بچت کی جا سکتی ہے۔

اس سے آپ کے بجلی کے بل میں بہت زیادہ نہیں تو تھوڑا بہت فرق تو آئے گا۔ اور اس سے آپ ماحول کی بہتری میں بھی اپنا چھوٹا سا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

(اس تحریر میں شامل کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
##بجلی
##الیکٹرانک ڈیوائسز
##بجلی کا خرچ