شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ، چار دہشت گرد ہلاک

09:4519/12/2025, جمعہ
جنرل19/12/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
سوشل میڈیا پر کیمپ حملے کی ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
سوشل میڈیا پر کیمپ حملے کی ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ایک کیمپ پر جمعے کو حملہ ہوا ہے جس میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق چار دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں کیمپ پر حملہ کیا۔ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے کیمپ میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران چار اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

'ڈان نیوز' کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے دوران ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی دور دور تک سنی گئی جس کے بارے میں پولیس نے ابتدائی معلومات میں کہا کہ ممکن ہے کہ حملہ آوروں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی یا کسی خودکش جیکٹ حملے کے لیے استعمال کی ہو۔

جائے واقعہ پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں جائزہ لے رہی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جائے واقعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حملے کے بعد ضلعے بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور حفاظتی اقدامات کے پیشِ نظر مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عارضی طور پر معطل ہے۔

##پاکستان
##خیبرپختونخوا
##شمالی وزیرستان
##حملہ