رواں سال پاکستان کے تمام ایئرپورٹس سے 66 ہزار 154 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا پچھلے سال یہ تعداد 35 ہزار تھی: رپورٹ

10:0118/12/2025, Perşembe
جنرل18/12/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
ایف آئی اے نے بتایا کہ 2025 میں تقریباً 8.5 ملین پاکستانی بیرون ملک سفر کر چکے ہیں جبکہ مختلف ایمیگریشن سے متعلقہ جرائم کے 226 کیسز درج کیے گئے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ 2025 میں تقریباً 8.5 ملین پاکستانی بیرون ملک سفر کر چکے ہیں جبکہ مختلف ایمیگریشن سے متعلقہ جرائم کے 226 کیسز درج کیے گئے۔

حکام نے بدھ کے روز پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال پاکستانی ایئرپورٹس سے 66 ہزار 154 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 35 ہزار تھی۔

حکام کے مطابق اس نمایاں اضافے کی وجہ غیر قانونی ہجرت کے خلاف حکومتی اقدامات ہیں۔ یہ انکشاف اوورسیز پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی پر قائم اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت رکن پارلیمنٹ سید رفیع اللہ نے کی۔ اجلاس اس وقت بلایا گیا جب متعدد مسافروں نے شکایات کیں کہ انہیں ملک بھر کے ایئرپورٹس سے آف لوڈ کر دیا گیا، حالانکہ ان کے پاس درست سفری دستاویزات موجود تھیں۔

وزیر اعظم شباز شریف نے اس ماہ ایک 14 رکنی کمیٹی قائم کی، جس کی قیادت وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی کر رہے ہیں، تاکہ ان رپورٹس کی تحقیقات کی جا سکیں اور امیگریشن کے عمل کو ہموار بنانے کے اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔

سید رفیع اللہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ڈائریکٹر جنرل (فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے کہا کہ رواں سال 66 ہزار 154 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، جو پچھلے سال آف لوڈ ہونے والے 35 ہزار مسافروں کے مقابلے میں قابلِ ذکر اضافہ ہے۔‘

پاکستان نے اس سال غیر قانونی ہجرت کے خلاف اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں، کیونکہ کئی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا کے مسافر عمرہ ویزا کا غلط استعمال کر کے سڑکوں پر بھیک مانگنے میں ملوث ہو رہے ہیں۔کمیٹی کو مطلع کیا گیا کہ اس سال سعودی عرب سے 56 ہزار افراد جو بھیک مانگنے میں ملوث تھے، ملک بدر کیے گئے۔

اس کےعلاوہ متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی پابندیوں اور افریقہ، یورپ، جنوب مشرقی ایشیا (جیسے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ) کی طرف نئے غیر قانونی ہجرت کے راستوں کو اس سال ایئرپورٹس سے زیادہ افراد آف لوڈ کرنے کی وجوہات قرار دیا گیا۔

مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں ’دستاویزات چیک کرنے، ڈیٹا اور آن لائن تصدیق کی بنیاد پر ہی روک دیا جاتا ہے۔ کسی مسافر کو سیاسی اثر یا وی آئی پی دباؤ کے بغیر نہیں جانے دیا گیا۔‘

کمیٹی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے کہا کہ نفاذ کے ساتھ مسافروں کے لیے مضبوط شکایت اور ازالہ کا نظام بھی ہونا چاہیے۔

سید رفیع اللہ نے کہا ’غلطی سے آف لوڈ کیے گئے پاکستانیوں کے لیے ایک میکانزم اور ایس او پی ہونا چاہیے۔ بغیر دستیاب ازالے کے نفاذ عوام اور ملک کی ساکھ دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

قومی اسمبلی کی کمیٹی کے ارکان نے وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیوں کو ہدایت دی کہ وہ تمام ہوائی اڈوں پر ایمیگریشن کاؤنٹرز پر ایس او پیز اور شکایتی نظام فوری طور پر شائع کریں۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ 2025 میں تقریباً 8.5 ملین پاکستانی بیرون ملک سفر کر چکے ہیں جبکہ مختلف ایمیگریشن سے متعلقہ جرائم کے 226 کیسز درج کیے گئے۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ پچھلے تین مہینوں میں ایران میں غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنے والے 450 افراد گرفتار ہوئے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستانی ٹورسٹ ویزا پر سفر کرنے والے کئی بنگلہ دیشی شہری بھی یورپ میں غیر قانونی داخلے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔



#پاکستان
##اوورسیز پاکستانی
#آف لوڈ