پاکستان کا ٹرمپ حکومت پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

09:1515/04/2025, Salı
جنرل15/04/2025, Salı
ویب ڈیسک
ٹرمپ حکومت پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
تصویر : روئٹرز / فائل
ٹرمپ حکومت پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کو امریکہ کی جانب سے عائد کیے گئے نئے ٹیرف پر تحفظات ہیں، لیکن ہمارا جوابی ٹیرف عائد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

وائٹ ہاوٴس کے مطابق امریکہ نے پاکستانی امپورٹس پر وقتی طور پر 29 فیصد ٹیرف پر نرمی کا اعلان کیا تھا تاہم 10 فیصد ٹیرف برقرار رہے گا۔

بی بی سی کو ایک انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’کم از کم 10 فیصد ٹیرف ہے اور پھر اضافی ٹیرف بھی ہے، میرے خیال میں ہمیں اس معاملے پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

جوابی ٹیرف سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہم امریکہ پر کوئی جوابی ٹیرف عائد کریں گے، تو اس کا جواب ہے نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک غیر یقینی صورتحال ہے، اور ہمیں سب کو سوچنا ہوگا کہ اس نئے عالمی منظرنامے میں کیسے آگے بڑھنا ہے۔


پاکستان کو کتنا نقصان ہو سکتا ہے؟

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر 29 فیصد ٹیرف دوبارہ لاگو ہوتا ہے تو، پاکستانی ایکسپورٹس پر کل ٹیرف 37.6 فیصد تک جا سکتا ہے۔ (8.6 فیصد ایم ایف این ٹیرف سمیت)

تحقیق کے مطابق اس سے امریکی منڈی میں پاکستانی ایکسپورٹس میں 20 سے 25 فیصد کمی ہو سکتی ہے، جو کہ سالانہ 1.1 سے 1.4 ارب ڈالر کے نقصان کے برابر ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ امریکی ٹیرف سے ٹیکسٹائل سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہو گا، جو کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ انڈسٹری ہے اور تقریباً 17 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر 29 فیصد ٹیرف دوبارہ نافذ ہوا تو، ٹیکسٹائل برآمدات میں 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے۔








#ٹیرف
#امریکا
#پاکستان
#معیشت