انڈیا پاکستان جھڑپوں میں پاکستان کو 'فوجی کامیابی' ملی: امریکی کمیشن کی رپورٹ

15:0819/11/2025, Wednesday
جنرل19/11/2025, Wednesday
ویب ڈیسک
پاکستان ایئرفورس کا جے ایف 17 تھنڈر طیارہ۔
پاکستان ایئرفورس کا جے ایف 17 تھنڈر طیارہ۔

امریکہ کی کانگریس میں ایک رپورٹ جمع کرائی گئی ہے جس میں مئی میں ہونے والی انڈیا اور پاکستان کی جھڑپوں کو پاکستان کی 'فوجی کامیابی' قرار دیا گیا ہے۔

یہ رپورٹ 'یو ایس چائنہ اکنامک اینڈ سیکیورٹی ریویو کمیشن' نے امریکی کانگریس میں جمع کرائی ہے۔ یہ کمیشن چائنہ کے ساتھ باہمی تجارت اور چائنہ کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس کے امریکہ کی قومی سلامتی پر اثرات کے تناظر میں کانگریس کو تجاویز پیش کرتا ہے۔

کمیشن کی حالیہ سالانہ رپورٹ منگل کو امریکی کانگریس میں پیش کی گئی ہے جس میں انڈیا پاکستان کی جھڑپوں کو پاکستان کی فوجی کامیابی کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں درج ہے کہ انڈیا کے ساتھ چار روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں پاکستان کی فوجی کامیابی نے چینی اسلحے کو نمایاں کیا۔

رپورٹ میں پاکستان انڈیا تنازع میں چائنہ کے کردار پر بات کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چائنہ کو اس تنازع میں عالمی توجہ ملی کیوں کہ پاکستان کی فوج نے چینی اسلحے پر انحصار کیا اور مبینہ طور پر چینی انٹیلی جینس سے بھی استفادہ حاصل کیا۔رپورٹ میں نئی دہلی کی جانب سے کیا گیا یہ دعویٰ بھی شامل ہے کہ چائنہ پاکستان کو انڈین ٹھکانوں کے بارے میں لائیو معلومات فراہم کر رہا تھا۔ تاہم پاکستان اس کی تردید کر چکا ہے اور چائنہ نے نہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس تنازع کو اپنے اسلحے کے ٹیسٹ اور اس کی تشہیر کے لیے استعمال کیا۔ مئی میں ہونے والے تنازع میں پہلی بار چائنہ کا جدید اسلحہ کسی باقاعدہ لڑائی میں یا محاذ جنگ پر استعمال ہوا۔ ان میں ایچ کیو نائن ایئر ڈیفینس سسٹم، فضا سے فضا میں مار کرنے والے پی ایل 15 میزائل اور جے 10 لڑاکا طیارے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مئی میں ہونے والی جھڑپوں میں انڈیا کے سات جہاز گرانے کا دعویٰ کرتا ہے۔ انڈیا کے بعض فوجی افسران بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے نقصانات ہوئے ہیں تاہم وہ یہ واضح نہیں کرتے کہ ان کے کیا نقصانات ہوئے یا کتنے جہاز گرائے گئے۔

دوسری جانب انڈیا نے بھی جھڑپوں کے تقریباً ایک ماہ بعد پاکستان کے چھ جہاز گرانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن ان کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ پاکستان انڈیا کے اس دعوے کو مسترد کر چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار انڈیا پاکستان کشیدگی میں پانچ سے آٹھ جہاز تباہ ہونے کے دعوے کر چکے ہیں۔ لیکن انہوں نے کبھی یہ واضح نہیں کیا کہ جہاز کس ملک کے تھے۔

تاہم یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ کی کسی سرکاری رپورٹ میں ان جھڑپوں کو پاکستان کی فوجی کامیابی کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

##پاکستان
##انڈیا
##امریکہ