اسرائیلی فوج نے غزہ پہنچنے کی کوشش کرنے والے 'گلوبل صمود فلوٹیلا' کو روک کر 175 کارکنان کو گرفتار کر لیا

11:3530/04/2026, Perşembe
جنرل30/04/2026, Perşembe
ویب ڈیسک
گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل ایک کشتی کی تصویر
گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل ایک کشتی کی تصویر

اسرائیلی فوج نے غزہ جانے کی کوشش کرنے والے ایک امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا کو یونان کے قریب بین الاقوامی سمندر میں روک کر 175 کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ اور فلوٹیلا کے منتظمین نے جمعرات کو اپنے بیانات میں امدادی قافلے کو روکے جانے اور اس کے اراکین کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 'فلوٹیلا میں شامل 20 سے زائد کشتیوں میں سوار تقریباً 175 ایکٹیوسٹس کو حراست میں لیا گیا ہے جنہیں اب اسرائیل لایا جا رہا ہے۔'

گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین اس سے پہلے کی گئی کوششوں کی طرح اس بار بھی امدادی سامان لے کر اسرائیل کا محاصرہ توڑتے ہوئے غزہ پہنچنا چاہتے تھے۔ تاہم جمعرات کو منتظمین کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ فلوٹیلا میں شامل کشتیوں کو یونان کے جزیرے کریٹ کے قریب اسرائیلی فوج کے جہازوں نے گھیر لیا ہے۔

گلوبل صمود فلوٹیلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی قافلے کی 58 میں سے تقریباً 22 کشتیوں پر اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے دھاوا بولا اور ان کے اراکین کو گرفتار کر لیا۔

گلوبل صمود فلوٹیلا پہلے بھی غزہ پہنچنے کی متعدد کوششیں کر چکا ہے اور ہر بار اسرائیلی فوج نے امدادی قافلوں کو حراست میں لے کر ان کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔ 2025 میں گلوبل صمود فلوٹیلا کی ابتدائی کوششوں نے عالمی توجہ حاصل کی تھی جب اسرائیل نے قافلے میں شامل بین الاقوامی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھونبرگ کو بھی گرفتار کیا تھا۔

حالیہ قافلے میں شامل کشتیاں فرانس، اسپین اور اٹلی سے روانہ ہوئی تھیں۔ تاہم بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات فلوٹیلا کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ان کی کشتیوں کو اسرائیلی فوجی جہازوں نے غیر قانونی طور پر گھیر لیا ہے۔

منتظمین کے مطابق 'اسرائیل کی تیز رفتار فوجی کشتیاں ہماری کشتیوں کے قریب پہنچیں، اپنی شناخت ظاہر کی اور اراکین پر اسلحہ تان کر انہیں گھٹنوں کے بل اپنی کشتیوں میں بیٹھنے کا حکم دیا۔ کشتیوں کا مواصلاتی نظام جام کر دیا گیا ہے۔'

فلوٹیلا کے منتظمین کا کہنا ہے کہ امدادی قافلے میں شامل کئی دیگر کشتیاں اب بھی کریٹ کے قریب موجود ہیں۔

اسرائیل غزہ پہنچنے کے تمام راستوں کو کنٹرول کرتا ہے۔ اقوام متحدہ اور امدادی تنظیموں کا اسرائیل پر الزام ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے جس سے وہاں قلت اور بحران پیدا ہوتا ہے۔ اسرائیل ان کی تردید کرتا آیا ہے۔

#اسرائیلی فوج
#غزہ
#گلوبل صمود فلوٹیلا
#یونان
#امدادی قافلہ
#گرفتاری