آبنائے ہرمز میں کھینچ تان بڑھنے لگی، بحری جہازوں پر فائرنگ اور قبضے؛ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات

09:4423/04/2026, جمعرات
جنرل23/04/2026, جمعرات
ویب ڈیسک
امریکی ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز کی نگرانی کرتے ہوئے
امریکی ہیلی کاپٹر آبنائے ہرمز کی نگرانی کرتے ہوئے

امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست جنگ تو فی الحال رک گئی ہے لیکن لڑائی اب آبنائے ہرمز میں کھینچ تان کی شکل میں نظر آ رہی ہے۔

ایک طرف امریکہ ایرانی بحری جہازوں کو روک رہا ہے اور دو جہاز قبضے میں لے چکا ہے تو وہیں گزشتہ روز تین جہازوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے جب کہ دو بحری جہازوں کو ایران نے تحویل میں لے لیا۔

ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے بدھ کو اعلان کیا گیا کہ ان کی فورسز نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو مبینہ خلاف ورزیوں کی بنیاد پر روک کر انہیں تحویل میں لے لیا ہے۔

ایرانی فورسز کے مطابق ایک جہاز کا نام ایم ایس سی فرانسیسکا ہے جس کا تعلق اسرائیل سے ہے جب کہ دوسرا جہاز ایپامنوڈس ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں جہاز بغیر اجازت چل رہے تھے اور چوری چھپے آبنائے ہرمز سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے اور انہوں نے نیویگیشن سسٹمز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی۔

ایرانی فورسز کے مطابق جہازوں کو با رہا خلاف ورزیوں کے بعد تحویل میں لیا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے مزید کہا کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کر رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ بھی ایران کی ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے ایران کے کئی جہازوں کو روکا ہے جب کہ ایک جہاز قبضے میں بھی لے رکھا ہے۔

تہران نے ایرانی مال بردار جہاز کو تحویل میں لیے جانے پر جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

ایران کی طرف سے مثبت پیش رفت کی امید ہے: محسن نقوی

دوسری جانب مذاکرات کی کوششیں بھی جاری ہیں اور پاکستان ثالث کے طور پر دونوں فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کی اور کہا کہ ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

ملاقات میں خطے کی صورتِ حال اور مذاکرات کے حوالے سے سفارتی کاوشوں پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

#آبنائے ہرمز
#ایران
#امریکہ
#بحری جہاز قبضہ
#سفارتی کوششیں