ٹرمپ کی جانب سے انڈیا کو 'جہنم' قرار دینے کا بیان پوسٹ کرنے پر نئی دہلی کا سخت ردعمل

11:2424/04/2026, جمعہ
جنرل24/04/2026, جمعہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

نئی دہلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے اس تبصرے کو مسترد کر دیا ہے جس میں انڈیا کو جہنم سے تشبیہ دی گئی تھی۔

انڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے جاری یہ تبصرہ غیر مناسب، لاعلمی پر مبنی اور دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جمعرات کو ایک امریکی قدامت پسند پوڈکاسٹر مائیکل سیویج کے ایک ریڈیو شو کا متن شیئر کیا تھا جس میں امریکہ میں پیدائش کی بنیاد پر شہریت کے قانون پر تنقید کی گئی تھی۔

مائیکل سیویج نے شو کے دوران کہا تھا کہ 'لوگ امریکہ آ کر بچہ پیدا کر لیتے ہیں جسے فوری طور پر امریکی شہریت مل جاتی ہے۔ پھر وہ اپنے پورے خاندان کو انڈیا، چائنہ یا ان جیسی کسی اور جہنم سے یہاں بلا لیتے ہیں۔'

واضح رہے کہ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد پیدائش کی بنیاد پر شہریت دینے کے اس قانون پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم ان کے اس حکم نامے کو امریکی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے اس بیان پر بغیر کوئی تبصرہ کیے اسے اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیا تھا جس پر انڈیا میں اپوزیشن جماعتوں نے امریکی صدر کے ساتھ ساتھ اپنی حکومت پر بھی سخت تنقید کی۔

حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس نے ٹرمپ کے اس تبصرے کو 'انتہائی توہین آمیز اور انڈیا مخالف' قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'اس سے ہر انڈین کو تکلیف پہنچی ہے۔'

کانگریس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری طور پر امریکی صدر کے ساتھ یہ معاملہ اٹھانا چاہیے اور اعتراض ریکارڈ کرانا چاہیے۔'

انڈیا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 55 لاکھ انڈین شہری امریکہ میں مقیم ہیں۔ امریکہ میں قیام پذیر ایشیائی آبادی میں انڈیا اور چائنہ کے شہری سب سے زیادہ ہیں۔

انڈیا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں اس معاملے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بیان میں کہا کہ 'یہ تبصرہ واضح طور پر لاعلمی پر مبنی اور نامناسب ہے۔ یہ امریکہ اور انڈیا کے تعلقات کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا جو باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔'

دوسری جانب نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ 'صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ انڈیا ایک عظیم ملک ہے جس کے سربراہ ان کے بہت اچھے دوست ہیں۔'

چائنہ کی جانب سے فی الحال اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

#ٹرمپ
#انڈیا
#مائیکل سیویج
#پیدائش کی بنیاد پر شہریت
#جہنم تشبیہ