ٹرمپ کا ایک بار پھر جنگ جلد ختم ہونے کا عندیہ، 'اگر ایران پر حملہ نہ کرتا تو آج ان کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتا'

09:5915/04/2026, الأربعاء
جنرل15/04/2026, الأربعاء
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ ایک بار پھر 'جلد ختم ہونے' کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی ٹی وی 'فاکس نیوز' کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ ختم ہونے کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسے خاتمے کے بہت قریب دیکھ رہا ہوں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب اطلاعات ہیں کہ امریکہ اور ایران کے مذاکرات کا اگلا دور رواں ہفتے ہی اسلام آباد میں شروع ہو سکتا ہے۔

تاہم انٹرویو میں جہاں ایک طرف ٹرمپ نے جنگ ختم ہونے کا عندیہ دیا وہیں یہ بھی کہا کہ امریکہ کا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔

ان کے بقول 'اگر میں آج جنگ روک دوں تو ایران کو تعمیرِ نو کے کاموں میں 20 سال لگ جائیں گے۔ ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔ ہم دیکھیں گے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ بڑی شدت سے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔'

واضح رہے کہ ٹرمپ پہلے بھی جنگ کے جلد خاتمے کے بیانات دیتے رہے ہیں لیکن ان کے بیانات وقت کے ساتھ بدلتے بھی رہے ہیں۔

ایران میں جنگ شروع کرنے کی وضاحت دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیتوں کو ختم کرنا ضروری تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے یہ قدم اٹھانا پڑا کیوں کہ اگر میں یہ نہیں کرتا تو آج ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتا۔ اور اگر ان کے پاس نیوکلیئر ہتھیار آ جاتا تو آپ وہاں سب کو 'سر' کہہ رہے ہوتے جو آپ نہیں چاہتے تھے۔

##ایران
##ایران جنگ
##امریکہ