ایران کے ساتھ جنگ بندی آخری سانسیں لے رہی ہے، کرد جنگجوؤں نے ہمیں مایوس کیا: ڈونلڈ ٹرمپ

10:2512/05/2026, Salı
جنرل12/05/2026, Salı
AA
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کے لیے واشنگٹن کی تجاویز پر ایران کے جواب کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے 'کچرا' قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی آخری سانسیں لے رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ 'جنگ بندی بہت ہی کمزور مقام پر ہے بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ اس کچرے (ایران کے جواب) کو پڑھنے کے بعد سب سے کمزور مقام پر ہے۔

ان کے بقول جنگ بندی آخری ہچکیاں لے رہی ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی موقع ہے جب ڈاکٹر آ کر کہتا ہے کہ اب آپ کے مریض کا زندہ رہنے کا چانس ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

'ایران کا جواب کچرا تھا'

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ تجویز انتہائی فضول تھی اور اسے کوئی قبول نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ ایرانی رہنما محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کی تجویز قبول کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے۔

ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جواب کے لیے چار دن کا وقت لینے پر بھی تنقید کی۔ ان کے بقول انہوں نے ہمیں اس دستاویز کے لیے چار دن انتظار کرایا جو صرف 10 منٹ کا کام تھا۔ انہوں نے ضمانت دی تھی کہ طویل عرصے تک کسی جوہری ہتھیار پر کام نہیں کریں گے اور اس کے علاوہ کچھ دیگر معاملات پر بھی اتفاق ہوا تھا، لیکن جواب میں یہ چیزیں شامل نہیں تھیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہم سے اتفاق کرتے ہیں اور پھر مکر جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا اور یہ بات انہوں نے اپنے خط میں نہیں کہی۔

تاہم امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کا حل اب بھی ممکن ہے۔

ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایرانی حکام نے اپنے پیغامات میں امریکی حملوں میں تباہ ہونے والا یورینیم کا ذخیرہ واشنگٹن کے حوالے کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جن تنصیبات کو امریکہ اور اسرائیل نے گزشتہ سال جون میں تباہ کیا تھا، وہاں اتنی تباہی ہوئی ہے کہ اب جوہری مادے کا ذخیرہ نکالنا تقریباً ناممکن ہے۔

ٹرمپ کے بقول 'دنیا میں صرف دو ہی ملک ہیں جو اس ذخیرے کو نکال سکتے ہیں۔ صرف امریکہ اور چائنہ کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ اسے نکال سکیں۔ وہ اتنا نیچے دفن ہے اور اس قدر تباہ ہے کہ اس تک پہنچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔'

'کردوں نے ہمیں مایوس کیا'

ٹرمپ نے کرد جنگجو گروہوں سے مایوسی کا اظہار کیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر امریکہ کی جانب سے ایرانی مظاہرین کے لیے بھجوایا گیا اسلحہ رکھ لیا۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ایرانی عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہتے تھے لیکن ان کے پاس ہتھیار نہہیں تھے۔ ہم نے سوچا کہ کرد انہیں اسلحہ دیں گے لیکن کردوں نے ہمیں مایوس کیا۔

ان کے بقول 'کرد صرف لیتے گئے۔ کانگریس میں ان کی بڑی اچھی ساکھ ہے۔ کانگریس نے کہا کہ یہ بڑے جنگجو لوگ ہیں، انہیں پیسے دو تو یہ جی جان سے لڑتے ہیں۔'

ایران کی 14 نکاتی تجویز کو قبول کرنے کے سوا کوئی متبادل نہیں ہے: محمد باقر قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ 14 نکاتی تجویز میں عوام کے حقوق واضح طور پر بیان کیے گئے ہیں۔ یہ حقوق تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ 'اس کے علاوہ اختیار کی جانے والی ہر حکمتِ عملی مکمل طور پر بے نتیجہ ہوگی اور اس کا حاصل ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اسے قبول کرنے میں جتنی تاخیر کریں گے، امریکی ٹیکس دہندگان کو اس کی اتنی ہی زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

#ایران
#ڈونلڈ ٹرمپ
#امریکہ
#جنگ بندی
#کرد جنگجو
#محمد باقر قالیباف
#جوہری ہتھیار