
بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کسی ابتدائی معاہدے یا مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کے 'بہت قریب' ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسے دو پاکستانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک مسودے پر اتفاق ہو رہا ہے۔
پاکستانی ذرائع نے امریکی ویب سائٹ 'ایگزیوس' کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے رائٹرز کو بتایا ہے کہ واشنگٹن اور تہران ایک صفحے کے مسودے پر اتفاق کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 'ہم اسے بہت جلد حتمی شکل دے دیں گے، ہم اس کے بہت قریب ہیں۔'
اس سے قبل 'ایگزیوس' نے دو امریکی حکام اور دیگر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ اور ایران جنگ کے خاتمے اور جوہری مذاکرات کا فریم ورک طے کرنے کے لیے ایک صفحے پر مشتمل مفاہمتی یادداشت کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔






