
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی صبح اپنے دورۂ چین کی مصروفیات کا آغاز کر دیا ہے۔
آج صبح ڈونلڈ ٹرمپ بیجنگ کے سرکاری ایوان گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچے جہاں فوجی دستے اور پرچم اٹھائے بچوں نے ان کا استقبال کیا۔ چینی صدر شی جن پنگ کے ڈونلڈ ٹرمپ کا استقبال کیا اور ریڈ کارپٹ پر دوستانہ ماحول میں مصافحہ کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ابتدائی مختصر گفتگو بھی کی۔
ابتدائی کلمات میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ 'پوری دنیا اس ملاقات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور عالمی صورتِ حال ہنگامہ خیز ہے۔'
صدر شی نے کہا کہ دنیا ایک نئے موڑ پر کھڑی ہے۔ کیا چین اور امریکہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں؟ کیا چین اور امریکہ مل کر عالمی چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور دنیا کو زیادہ مستحکم بنا سکتے ہیں؟ کیا ہم اپنی دنیا، دونوں ممالک کے شہریوں اور انسانیت کے مستقبل کے لیے باہمی تعلقات پر مبنی روشن مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں؟
صدر شی نے ٹرمپ اور امریکہ کو آزادی کی 250 ویں سالگرہ پر مبارک باد بھی دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چائنہ اور امریکہ کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار ہونا چاہیے۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یہ ملاقات ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ ان کے بقول 'ہمارے تعلقات اچھے رہے ہیں۔ جب مسائل پیش آئے تو ہم نے انہیں حل کر لیا۔ میں آپ کو فون کر لیا کرتا تھا اور آپ مجھے فون کر لیتے تھے۔'
چینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں سب سے کہتا ہوں کہ آپ ایک عظیم رہنما ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی اس کے بعد باضابطہ دو طرفہ مذاکرات شروع ہوئے جو لگ بھگ دو گھنٹے تک جاری رہے۔ مذاکرات کا یہ دورانیہ طے شدہ وقت سے زیادہ تھا۔
اس بات چیت کے بعد چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کی جو صدر ٹرمپ کے ساتھ آئے ہیں۔ ٹرمپ کے وفد میں ایک درجن سے زائد بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی ترقی میں امریکی کمپنیوں کا بہت زیادہ کردار ہے اور اس سے دونوں فریقین کو فائدہ ہوا ہے۔
چینی اور امریکی صدور نے بعد ازاں بیجنگ میں قدیم عبادت گاہوں کے مجموعے اور ایک اہم سیاحتی مرکز ٹیمپل آف ہیون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چائنہ بہت خوب صورت ہے۔
اسی موقع پر جب صدر ٹرمپ سے سوال ہوا کہ مذاکرات کیسے رہے تو ان کا کہنا تھا کہ بہترین۔
اب صدر ٹرمپ آج شام ایک سرکاری ضیافت میں شرکت کریں گے اور جمعے کے دن بھی ان کی صدر شی سے ملاقات شیڈیول ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چائنہ میں مصروفیات کا شیڈول
جمعرات، 14 مئی
- صبح 10:00 بجے: بیجنگ میں صدر شی کے ساتھ استقبالیہ تقریب
- 10:15: دونوں صدور کی ملاقات
- ٹیمپل آف ہیون کا دورہ
- شام 06:00 بجے: سرکاری عشائیے میں شرکت
جمعہ، 15 مئی
- 11:30: دونوں صدور کی دوستانہ تصویر
- 11:40: صدر شی کے ساتھ چائے پر ملاقات
- 12:15: صدر شی کے ساتھ ظہرانہ
- جمعے کی شام میں کسی وقت امریکہ روانگی






