ایران اور امریکہ کے مذاکرات میں اب کیا ہو رہا ہے؟

11:494/05/2026, پیر
جنرل4/05/2026, پیر
ویب ڈیسک
ایرانی وفد کی اپریل میں مذاکرات کے لیے پاکستان آمد پر لی گئی ایک تصویر
ایرانی وفد کی اپریل میں مذاکرات کے لیے پاکستان آمد پر لی گئی ایک تصویر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ 'انتہائی مثبت مذاکرات' جاری ہیں جو ان کے بقول بہت مثبت پیش رفت کا باعث ہوں گے جب کہ ایران کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات کے لیے پیش کی گئی تازہ ترین تجویز پر اسے امریکہ کا جواب موصول ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے امریکہ کو ایک 14 نکاتی تجویز یا منصوبہ بھیجا گیا تھا جس پر پیغامات کے تبادلے اور دونوں جانب سے ردوبدل کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے ایران کی جانب سے پاکستان کے ذریعے بھجوائی گئی 14 نکاتی تجویز کا جواب پہنچا دیا ہے اور تہران اس کا جائزہ لے رہا ہے۔ تاہم امریکہ اور پاکستان کی جانب سے جواب بھیجنے کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی 14 نکاتی تازہ ترین تجویز میں امریکی فورسز کا ایران کے قریبی علاقوں سے انخلا، ناکہ بندی ختم کرنے، منجمد اثاثے جاری کرنے، معاوضہ ادا کرنے، پابندیاں ہٹانے، لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کا طریقہ کار بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایرانی مؤقف کے مطابق تہران نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 30 دن کے اندر معالات کو طے کیا جائے۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ 'اس موقع پر ہم جوہری مذاکرات نہیں کر رہے۔'

اسماعیل بقائی سے ایرانی تجویز پر امریکہ کے جواب کے بارے میں جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کی تفصیل میں نہیں جائیں گے لیکن سفارتی کوششوں میں سست رفتاری کا ذمے دار واشنگٹن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کی اپنی عادت اور غیر معقول مطالبات سے آسانی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

اسماعیل بقائی کے بقول 'ہمارا سامنا اب بھی ایسے فریق سے ہے جو مسلسل اپنا مؤقف تبدیل کرتا ہے اور ایسے مسائل کھڑے کرتا ہے جو سفاری عمل کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔'

دوسری جانب اسرائیلی نشریاتی ادارے کان نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ نے ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں ایرانی تجویز کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

#ایران
#امریکہ
#ڈونلڈ ٹرمپ
#ایران امریکہ مذاکرات
#پاکستان
#واشنگٹن