چائنہ میں اہم مقابلہ امتحان: نقل روکنے کے لیے اے آئی ٹولز بند

06:3912/06/2025, Perşembe
جنرل12/06/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
ان امتحانات کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا ہے کہ طلبہ کو یونیورسٹی میں داخلہ ملے گا یا نہیں
تصویر : فوٹو / شٹر سٹاک
ان امتحانات کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا ہے کہ طلبہ کو یونیورسٹی میں داخلہ ملے گا یا نہیں

چائنہ کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے یونیورسٹی کے انتہائی اہم مقابلہ امتحان کے دوران نقل سے بچنے کے لیے کچھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز بند کر دیے ہیں

۔چائنہ میں ٹیکنالوجی اور اے آئی کے اداروں نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹس یا فیچرز کو جزوی طور پر بند کر دیا ہے۔

ایسا اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ وہاں ’گاﺅکاﺅ‘ نامی اہم مقابلہ امتحانات ہو رہے ہیں، جن میں تقریباً 1 کروڑ 33 لاکھ طلبہ شریک ہیں۔ ان امتحانات کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا ہے کہ طلبہ کو یونیورسٹی میں داخلہ ملے گا یا نہیں اور اگر ملے گا تو کس یونیورسٹی میں ملے گا۔

یہ امتحان ہر اُس طالب علم کے لیے بنیادی شرط کی حیثیت رکھتا ہے جو ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کا خواہاں ہوتا ہے۔ اس ٹیسٹ میں چینی، ریاضی اور اپنی مرضی کے کسی سوشل سائنس مضمون کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔

اس بار، جو طلبہ جدید اے آئی ٹولز سے مدد لینے کی امید لگائے بیٹھے تھے، انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، کیونکہ ان ٹولز کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ امتحانات کے دوران نقل نہ کی جاسکے۔

آن لائن شیئر کی گئی اسکرین شاٹس سے پتا چلتا ہے کہ ایک چینی صارف نے ایک امتحانی سوال داوٴباوٴ ایپ پر پوسٹ کیا، جو ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کی ہے۔ جواب میں ایپ نے لکھا: ’داخلہ امتحانات کے دوران ہدایات کے مطابق سوالات کے جوابات دینے والی سروس معطل ہے۔‘

جب صارف نے ایپ کو یہ لکھا کہ ’یہ کالج داخلہ امتحان کا سوال نہیں ہے‘ تو تب بھی اسے وہی جواب ملا۔

ایک اور اسکرین شاٹ سے پتا چلا کہ ڈیپ سیک — جو اس سال چین میں آنے والا ایک نیا اور مقبول جنریٹیو اے آئی ٹول ہے — نے بھی واضح کیا کہ ان کی سروس مخصوص اوقات میں دستیاب نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹینسینٹ کی ملکیت ’یوان باؤ‘، علی بابا کا ’کیووین‘ اور مون شاٹ کا ’کیمی‘ نے امتحانی اوقات کے دوران تصویر سے سوال پہچاننے والے فیچرز بند کر دیے ہیں۔











#چائنہ
#اے آئی
#ٹیکنالوجی