
پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں جمعے کی صبح ایک فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے جس میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
فیصل آباد کے کمشنر آفس سے جاری بیان کے مطابق دھماکہ جمعے کی صبح سویرے ایک فیکٹری میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے ہوا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی چھت اڑ گئی اور اس سے متصل کئی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
فیصل آباد کے کمشنر آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ ملک پور کے علاقے میں واقع فیکٹری میں ہوا۔ اس علاقے میں چار فیکٹریاں ساتھ ساتھ قائم تھیں۔ ایک فیکٹری میں گیس لیک ہونے کی وجہ سے آگ لگی جس نے دیگر فیکٹریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بیان کے مطابق دھماکے سے فیکٹری کے قریب واقع سات رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ عمارتوں کے ملبے سے 15 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 10 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہلاک افراد میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
کمشنر آفس کے بیان کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور اب کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔






