کوناکری بندرگاہ میں بڑھتی بحری سرگرمی، البیرق گروپ کا آپریشن آسان بنانے کا منصوبہ فعال

15:0118/11/2025, منگل
جنرل18/11/2025, منگل
ویب ڈیسک
a
تصویر : a / a
a

سیمادو 2040 پروگرام کے تحت جمہوریہ گنی کی معیشت براعظم افریقہ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہو رہی ہے، جس کے باعث کوناکری بندرگاہ پر آنے والے جہازوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

جنوری 2025 سے اب تک بندرگاہ پر آنے والے بحری جہازوں کی تعداد میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد آپریشنل صلاحیت بڑھانے کی فوری ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

2019 میں ترک کمپنی البیرق گروپ کے انتظام سنبھالنے کے بعد سے کوناکری بندرگاہ مغربی افریقہ کے اہم لاجسٹک مراکز میں سے ایک بن چکی ہے۔ گزشتہ دو سالوں میں اسے سب ریجن کی بہترین کارکردگی دکھانے والی بندرگاہ قرار دیا گیا۔ البیرق گروپ نے پہلے پانچ سالوں میں بندرگاہ پر 156 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

دسمبر 2023 میں گنی کے واحد فیول اسٹوریج اسٹیشن میں ایک بڑا دھماکہ ہوا تھا۔ اس کے بعد البیرق گروپ نے بندرگاہ میں 50 ہزار ٹن کے فلوٹنگ فیول اسٹوریج یونٹ لگا دیا اور بہت کم وقت میں نیا فیول ڈسچارچ اسٹیشن بھی بنا دیا۔

پچھلے سال کارگو کی مقدار اچانک بہت بڑھ گئی، جس پر کمپنی نے فوراً اقدامات کیے۔ روایتی ٹرمینل میں تیزی سے نئے گودام بنائے اور پرانے گوداموں کی مرمت کی گئی، جس کی وجہ سے بندرگاہ کی اسٹوریج صلاحیت بڑھ کر 80 ہزار ٹن ہوگئی۔ مزید یہ کہ کلنکر، گندم اور چاول لانے والے جہازوں کے لیے تیز رفتار ان لوڈنگ کا نظام شروع کیا گیا۔

صلاحیت میں 50 فیصد اضافہ

البیرق پورٹس کے کوآرڈینیٹر اور البپورٹ کوناکری کے جنرل مینیجر مصطفی لیونت ادالی کے مطابق بندرگاہ میں بحری جہازوں کی آمد میں اضافہ گنی کی ترقی کرتی معیشت کا فطری نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بندرگاہ پر ٹریفک غیر متوقع طور پر بہت بڑھ گیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے تین ماہ پہلے 400 میٹر لمبا نیا برتھ بنانا شروع کیا تھا، جو مارچ 2026 میں کام شروع کر دے گا۔ فلوٹنگ اسٹوریج جہاز کے لیے برتھ نمبر 15 کی تعمیر بھی تیزی سے مکمل کی گئی جسے اب فعال کردیا گیا ہے۔


بین الاقوامی سطح پر اعتراف

البپورٹ کوناکری کو جرمنی میں ہونے والی گلوبل سمارٹ پورٹ سمٹ 2023 ’سمارٹ ٹرمینل‘ کا ایوارڈ ملا۔ یہ ایوارڈ اس بات کا اعتراف ہے کہ بندرگاہ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، کارکردگی میں بہتری اور جدید ٹیکنیکل نظام کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔


افریقہ کا ابھرتا ہوا لاجسٹک مرکز

ورلڈ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق گنی 2026 سے 2027 میں اوسطاً 10.4 فیصد اقتصادی شرحِ نمو حاصل کرے گا۔ البیرق گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اس ترقی کے مطابق بندرگاہ کی تنصیبات میں توسیع اور صلاحیت میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ کوناکری بندرگاہ کو مغربی افریقہ کے مضبوط ہوتے لاجسٹک مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔


#البیراق
#معیشت
#جمہوریہ گنی