انڈیا میں غیر ملکی سفیر بن کر جعلی سفارت خانہ چلانے والا شخص گرفتار

10:3524/07/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
وہ گھر جسے جعلی سفارت خانہ ظاہر کیا جاتا تھا۔
وہ گھر جسے جعلی سفارت خانہ ظاہر کیا جاتا تھا۔

اس شخص کی شناخت 47 سالہ ہرشوردھن جین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ شخص خود کو ’سبورگا‘ اور ’ویسٹارٹیکا‘ جیسے علاقوں کا سفیر ظاہر کرتا تھا۔

انڈین پولیس نے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ خود کو غیر ملکی سفیر ظاہر کر کے جعلی سفارت خانہ چلا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے نئی دہلی کے قریب ایک رہائشی عمارت کرائے پر لے کر اس میں جعلی سفارت خانہ کھول رکھا تھا اور اس سے گاڑیاں اور جعلی سفارتی نمبر پلیٹس بھی برآمد ہوئی ہیں۔

اترپردیش پولیس کے ایک افسر سشیل گھلے کے مطابق یہ شخص خود کو غیر ملکی سفیر ظاہر کر کے لوگوں کو بیرونِ ملک ملازمت دلانے کا وعدہ کرتا اور ان سے پیسے بٹورتا تھا۔

اس شخص کی شناخت 47 سالہ ہرشوردھن جین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ شخص خود کو ’سبورگا‘ اور ’ویسٹارٹیکا‘ جیسے علاقوں کا سفیر ظاہر کرتا تھا۔

سبورگا اور ویسٹارٹیکا نام کے کوئی ملک نہیں ہیں بلکہ سبورگا اٹلی میں ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جو خود کو آزاد ریاست کہتے ہیں لیکن بین الاقوامی برادری اسے آزاد ریاست نہیں مانتی۔ اسی طرح ویسٹارٹیکا کے نام سے امریکہ میں ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے اور یہ انٹارٹیکا میں ایک آزاد ریاست ہونے کا دعویٰ بھی رکھتی ہے لیکن اس کا اسٹیٹس بھی سبورگا جیسا ہے۔

پولیس نے اس شخص سے کچھ ایڈیٹڈ تصاویر بھی برآمد کی ہیں جس میں ہرش وردھن نے خود کو عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دکھایا تھا۔ اس کے علاوہ انڈیا کی وزارتِ خارجہ اور تقریباً تین درجن ملکوں کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا الزام ہے کہ ہرش وردھن جین پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔ ان پر پولیس کی جانب سے جعل سازی، جعلی شخصیت ظاہر کرنے اور جعلی دستاویزات رکھنے کے الزام میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ملزم کے گھر سے چار لگژری گاڑیاں اور 45 لاکھ انڈین روپے کے ساتھ غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی ہے۔

اے پی کے مطابق ملزم یا ان کے وکیل سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔

(یہ خبر ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہے)
##انڈیا
##جعلی سفیر
##پولیس