پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے وزیراعظم چودھری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، پیپلز پارٹی کے راجہ فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم

اقرا حسین
13:1717/11/2025, پیر
جنرل17/11/2025, پیر
ویب ڈیسک
53 رکنی ایوان میں تحریک کے خلاف ووٹ دینے والے دونوں ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔
تصویر : ایکس / فائل
53 رکنی ایوان میں تحریک کے خلاف ووٹ دینے والے دونوں ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔

یہ تحریک آج پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی قاسم مجید نے پیش کی تھی، جبکہ وزیراعظم انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمعے کی دوپہر اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی گئی تھی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیر کے روز کامیاب ہوگئی، جہاں قانون ساز اسمبلی کے 36 ارکان نے تحریک کے حق میں جبکہ دو نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔

53 رکنی ایوان میں تحریک کے خلاف ووٹ دینے والے دونوں ارکان کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا۔

تحریک کی کامیابی کے بعد اجلاس کی صدارت کرنے والے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے پیپلز پارٹی کے راجا فیصل ممتاز راتھور کو نیا وزیراعظم آزاد کشمیر قرار دے دیا۔

یہ تحریک آج پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی قاسم مجید نے پیش کی تھی، جبکہ وزیراعظم انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمعے کی دوپہر اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی گئی تھی، جس پر 25 ارکانِ اسمبلی کے دستخط تھے، جن میں 23 کا تعلق پیپلز پارٹی اور دو کا مسلم لیگ (ن) سے تھا۔

اجلاس کے کچھ دیر بعد ہی سابق وزیراعظم انوارالحق ایوان میں پہنچے، وہ راتھور کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے ایوان سے خطاب بھی کیا، جس کے بعد وہ اسمبلی سے روانہ ہوگئے۔


وزرائے اعظم کی تبدیلیاں

اسمبلی کی مدت ختم ہونے میں تقریباً چھ ماہ باقی ہیں اور راجا فیصل ممتاز راٹھور کے پچھلے چار سال میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چوتھے وزیراعظم ہوں گے۔

اگست 2021 میں پی ٹی آئی نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم نامزد کیا تھا، جنہیں اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اس عہدے کے لیے منتخب کیا تھا۔ 53 رکنی ایوان میں نیازی نے مشترکہ اپوزیشن امیدوار لطیف اکبر کے مقابلے میں 35 ووٹ حاصل کیے تھے، جب کہ لطیف اکبر کو صرف 15 ووٹ ملے تھے۔

نو ماہ بعد عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے ریجنل صدر سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم منتخب کیا گیا۔

اپریل 2023 میں تنویر الیاس کو آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے فل بنچ نے توہینِ عدالت کیس میں قانون ساز اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا، جس کے بعد ان کی جگہ چوہدری انوارالحق کو وزیراعظم بنایا گیا۔


#کشمیر
#پاکستان
#الیکشن