سعودی عرب کا غیر ملکی شہریوں کو جنوری 2026 سے جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

10:3915/07/2025, منگل
جنرل15/07/2025, منگل
ویب ڈیسک
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا قانون سعودی ویژن 2030 کا حصہ ہے۔
تصویر : file / CNN
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا قانون سعودی ویژن 2030 کا حصہ ہے۔

اس قانون کے تحت غیر ملکی شہری مخصوص شرائط کے تحت سعودی عرب میں گھر یا جائیداد خرید سکیں گے۔

سعودی عرب نے غیر ملکی شہریوں اور اداروں کو جنوری 2026 سے جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے قانون کے مطابق غیر ملکی شہریوں اور بیرون ملک کی کمپنیاں سعودی عرب میں صرف اُن مخصوص علاقوں میں جائیداد خرید سکیں گی، جنہیں جنرل رئیل اسٹیٹ اتھارٹی کی جانب سے مقرر کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایسے علاقوں میں ریاض اور جدہ جیسے زیادہ مہنگے شہر شامل ہوں گے۔

غیر ملکی اگر سعودی عرب میں جائیداد خریدنا چاہیں تو انہیں پہلے حکومت سے اجازت لینا ہوگی۔ یہ اجازت کچھ شرائط پر منحصر ہوگی، جو اس بات پر ہوں گی کہ وہ جائیداد کس مقصد کے لیے لی جا رہی ہے اور منصوبہ کس قسم کا ہے۔

اگر کوئی غیر ملکی سعودی عرب میں تجارتی منصوبے کے لیے جائیداد خریدنا چاہے، تو وہ مکمل ملکیت حاصل کر سکتا ہے، لیکن کچھ شرطیں پوری کرنا ہوں گی۔

مثلاً سرمایہ کاری کم از کم 3 کروڑ سعودی ریال (تقریباً 80 لاکھ ڈالر) ہو، منصوبہ ترقیاتی نوعیت کا ہو اور خریداری کے پانچ سال کے اندر منصوبے پر کام شروع ہوجائے۔

مکہ اور مدینہ میں پابندیاں برقرار رہیں گی

مکہ اور مدینہ میں غیر ملکیوں کو جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی پہلے کی طرح برقرار رہے گی۔

اقامہ رکھنے والے غیر ملکی سعودی عرب میں اپنے لیے گھر خرید سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے وزارت داخلہ کی اجازت ضروری ہے۔

مہنگی جائیدادوں پر بھی کچھ پابندیاں ہوں گی تاکہ سعودی شہریوں کے لیے گھر خریدنا مشکل نہ ہو۔

مکہ اور مدینہ میں صرف خاص حالات میں غیر ملکی (صرف مسلمان) جائیداد لے سکیں گے۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا قانون سعودی ویژن 2030 کا حصہ ہے۔

اس کا مقصد ہے کہ صرف تیل پر انحصار نہ رہے بلکہ دوسرے شعبوں سے بھی معیشت کو مضبوط بنایا جائے اور دنیا بھر سے سرمایہ کاری حاصل کی جائے۔

اس قانون سے رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، گھر خریدنے کے لیے قرضے اور دیگر ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔

اسی خبر کے بعد سعودی عرب کی کئی پراپرٹی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں بھی 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو گیا۔

لیکن ابھی کچھ چیزیں طے نہیں ہوئیں، جیسے کہ کن علاقوں میں غیر ملکی جائیداد خرید سکیں گے، منصوبے کتنے عرصے میں مکمل ہونے چاہییں اور اجازت لینے کا مکمل طریقہ کیا ہوگا۔

حکومت یہ بھی دیکھے گی کہ غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری صاف اور منصفانہ ہو اور اس سے سعودی شہریوں کو نقصان نہ ہو۔


#سعودی عرب
#جائیداد
#معیشت