
انڈین ایئر فورس کا جیگوار طیارہ ریاست راجستھان کے ضلع چورو میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیارہ سورَت گڑھ ایئربیس سے پرواز کے بعد دوپہر تقریباً 1 بج کر 25 منٹ پر بھانودا گاؤں کے قریب ایک زرعی کھیت میں گر کر تباہ ہوا۔ انڈین ائیر فورس کے مطابق اس حادثے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس آفیسر نے تصدیق کی کہ جائے حادثہ سے انسانی جسم کے اعضا ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم دفاعی حکام اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھیں گی، مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔‘
2025 میں یہ جیگوار طیارے کا تیسرا حادثہ ہے، جس سے اس طیارے کی حفاظت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔اپریل میں ایک دو سیٹر جیگوار طیارہ جام نگر ایئربیس سے رات کے مشن پر اُڑا لیکن کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا۔ دونوں پائلٹس نے ایجیکٹ کیا، لیکن اسکواڈرن لیڈر سدھارتھ یادو زخمی ہو کر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دوسرا پائلٹ زخمی حالت میں بچ گیا۔
اس سے پہلے مارچ میں ایک اور جیگوار طیارہ ہریانہ کے امبالہ کے قریب تربیتی پرواز کے دوران گر گیا۔ تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔