امریکا: ٹیکساس میں سیلاب سے ہلاکتیں 82 تک پہنچ گئیں، درجنوں افراد لاپتہ

07:427/07/2025, الإثنين
جنرل7/07/2025, الإثنين
ویب ڈیسک
اب تک 68 لاشیں مل چکی ہیں، جن میں 28 بچے بھی شامل ہیں
تصویر : نیوز ایجنسی / روئٹرز
اب تک 68 لاشیں مل چکی ہیں، جن میں 28 بچے بھی شامل ہیں

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 82 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب وقت پر لوگوں کو نہ محفوظ جگہ منتقل نہ کرنے کے حوالے سے حکام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے اتوار کے روز بتایا کہ تین دن پہلے آنے والی طوفانی بارش کے بعد ریاست بھر میں کم از کم 41 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں اور امکان ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

اکاؤنٹی کے شیرف لیری لیتھا نے بتایا کہ اب تک 68 لاشیں مل چکی ہیں، جن میں 28 بچے بھی شامل ہیں۔ کئی بچے کیمپ مسٹک نامی ایک کرسچین سمر کیمپ سے لاپتہ ہوئے تھے۔

شیرف نے کہا کہ مزید 10 لڑکیاں اور ایک کیمپ کاؤنسلر اب بھی لاپتہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک تمام افراد نہیں مل جاتے، تلاش کا عمل جاری رہے گا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ منگل تک مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جو ایک اور خطرناک سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر جمعے کے روز متاثرہ علاقے کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ٹرمپ نے نیو جرسی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، واقعی دل دہلا دینے والا۔ ہم اُن تمام لوگوں کے لیے دعا گو ہیں جنہوں نے یہ صدمہ برداشت کیا۔‘

یہ سیلاب اس وقت آیا جب ٹیکساس کے وسطی علاقے میں جمعے کو امریکی یومِ آزادی کے دن، شدید بارش ہوئی اور اس کے نتیجے میں قریب واقع گواڈیلوپ دریا کے پانی کی سطح بلند ہوگئی۔


#امریکا
#موسمیاتی تبدیلی
#سیلاب