
دریائے سوات میں سیلابی ریلے کی وجہ سے کئی افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اب تک چار لاشیں نکال لی جا چکی ہیں جبکہ 3 کو بچا لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ریسکیو کا کہنا ہے کہ متاثرہ لوگ سیالکوٹ سے سوات سیر کے لیے آیا تھا جو دریا کے کنارے بیٹھا ناشتہ کررہا تھا تاہم اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں تیز بہاؤ ہوا اور کئی لوگ ڈوب گئے، ڈوبنے والے لوگوں کی کُل تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔
خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد نے بتایا کہ ’ریسکیو آپریشن پانچ مختلف مقامات پر جاری ہے اور 80 اہلکار تلاش کے کام میں حصہ لے رہے ہیں۔‘
اس سے قبل سوات ریسکیو 1122 کے ترجمان نیاز خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دریا میں شدید سیلاب کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے اور متعدد افراد کے ڈوبنے کی اطلاعات ہیں۔
نیاز خان نے کہا کہ ’اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ آ رہی ہے۔‘